کوئٹہ: پاکستان پیپلزپارٹی کے صوبائی صدر میر علی مدد جتک نے کہاہے کہ ضمنی انتخابات کی طرز پر پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں سینٹ الیکشن میں بھی بھر پور کامیاب حاصل کرے گی، جلد ہی ٹویٹر پر چلنے والی حکومت کا بسترہ گول ہوجائے گا ، ملازمین کے حقوق کے لئے پیپلزپارٹی نے پہلے بھی آواز بلند کی تھی اور اب بھی ملازمین کے ساتھ کھڑی ہے۔
حکومت نے روزگار دینے کی بجائے برسرروزگار ملازمین کو فارغ کرکے عوام دشمنی کا ثبوت دیاہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو کوئٹہ پریس کلب کے باہر جونیئر اساتذہ اور سی اینڈ ڈبلیو کے برطرف ملازمین کے کے احتجاجی کیمپس میں اظہار یکجہتی کے دوران کیا ۔اس موقع پر پیپلزپارٹی کے صوبائی سیکرٹری جنرل سید اقبال شاہ و دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے ۔
میر علی مدد جتک نے کہاکہ وہ یہاں پر سیاست کرنے نہیں آئے لیکن پیپلزپارٹی کی تاریخ رہی ہے کہ انہوں نے ہمیشہ مظلوم اور مزدوروں کا ساتھ دیا ہے اور لوگوں کو روزگار دیا ہے ۔ عوام کو روزگار فراہم کرنے کی بجائے حکومت نے برسرروزگار ملازمین کو فارغ کردیا ہے ، بلوچستان کے نوجوان ڈگریاں لئے در بدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں اگر انہیں باعزت روزگار فراہم نہ کیا گیا ۔
تو یہ منفی سرگرمیوں کی طرف راغب ہوسکتے ہیں جو کہ پورے معاشرے کے لئے نیک شگون نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی اور پی ڈی ایم ضمنی انتخابات کی طرح سینٹ الیکشن میں بھی بھر پور کامیابی حاصل کریں گی ۔ حکومت فوری طور پر برطرف ملازمین کی بحالی کے احکامات دیں ۔