کوئٹہ: بلوچستان میں سینیٹ انتخابات میں جنرل نشست پر کامیابی حاصل کرنے کے لئے امیدواروں کو کم از کم 912پوائنٹس ، خواتین اور ٹیکنو کریٹ نشستوں پر 2167جبکہ غیر مسلموں کی نشست پر 3251پوائنٹس حاصل کرنا ہونگے ، تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں کل (بدھ کو) ہونے والے سینیٹ انتخابات ہر رکن صوبائی اسمبلی کے پہلی ترجیح کے ووٹ کو 100پوائنٹس حاصل ہیں۔
اگر تمام 65ارکان نے ووٹ ڈالا اور کوئی بھی ووٹ مسترد نہ ہوا تو جنرل نشست پر کامیابی کے لئے ایک امیدوار کو کم از کم 912پوائنٹس چاہیے ہونگے اسی طرح ٹیکنوکریٹ اور خواتین کی دو ،دو نشستوں پر منتخب ہونے کے لئے کم از کم 2167پوائنٹس درکار ہونگے جبکہ غیر مسلموں کی ایک نشست پر منتخب ہونے کے لئے 3251پوائنٹس درکار ہونگے ۔
سینیٹ میں کامیابی کا فارمولہ اتنا آسان نہیں ہے انتخابات ہر رکن اسمبلی امیدواروں کی تعداد کے مطابق اپنی ترجیحات واضح کریگاجو کہ صورتحال کو یکسر تبدیل کرنے کی حیثیت رکھتی ہیں سینیٹ انتخابات میں ایک اور تیکنکی معاملہ سرپلس (اضافی ) اور ٹرانسفر ایبل ووٹ بھی ہے جسکا حساب اور تقسیم ریٹرننگ آفیسر طے شدھ فارمولے کے تحت کریگا ۔