|

وقتِ اشاعت :   March 2 – 2021

کوئٹہ: جمعیت علما اسلام پاکستان کے مرکزی رہنماء و ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ وسینیٹر مولاناحافظ حمداللہ نے کہاہے کہ عوامی مسائل کا حل سلیکٹیڈ نہیں ،منتخب پارلیمنٹ کے ذریعے ممکن ہے قابض اورمسلط حکمرانوں نے ملک کو مسائلستان بنادیا جب سے ان لوگوں کو مسلط کیاگیاہے اسی دن سے لیکر آج تک ملک مسائل در مسائل کا شکار ہوتاجارہاہے ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے اسلام آباد میں منعقدہ ورکرز تربیتی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ کنونشن سے جمعیت علمااسلام کے رہنماوں مولانا عبدالمجید ہزاروی مولانا مفتی سعید الرحمن اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ حافظ حمداللہ نے کہا کہ سنیٹ الیکشن میں شکست کا خوف حکمرانوں کے زہنوں پر سوار ہے یہ خود جس مرض کاشکار ہیں دوسروں کو بھی ویسا ہی سمجھ رہے ہیں ۔

یہ اپنے دائیں بائیں بیٹھے چوروں کودیکھ کر دوسروں کے صفوں میں بھی چور ڈھونڈ رہے ہیں چور چور کی ورد نے انہیں ذہنی مریض بنادیا ۔ انہوں نے کہاکہ ملک مزید تجربات کا متحمل نہیں ہوسکتا ماضی کے تلخ تجربات سے سبق حاصل نہ کیاگیا۔

تو نتائج انتہائی خطرناک ہونگے پس پردہ قوتیں مسلط نااہلوں کی پشت پناہی ترک کریں ۔ انہوں نے کہاکہ قوم نمائشی حکومت سے نجات چاہتی ہیں 26مارچ کالانگ مارچ قابض حکمرانوں سے نجات کا پیش خیمہ ثابت ہوگا عوام قومی قیادت کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے میدان عمل میں نکلیں گی۔