|

وقتِ اشاعت :   March 2 – 2021

کوئٹہ: پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ کورونا وباء کے باعث ملک بھر میں ٹرانسپورٹ اور ریلوے نظام کی بندش کی گئی اور سفری پابندیاں عائد کردی گئی تھی لیکن ملک بھر میں اب ٹرانسپورٹ اور ریلوے نظام دونوں مکمل طور پر بحال ہوچکے ہیں لیکن کوئٹہ سے چلنے والی ملک کے مختلف اضلاع کیلئے ٹرینوں کی تاحال بندش اب تک قابل افسوس اور قابل مذمت ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ماضی میں کوئٹہ سے ملک کے دیگر اضلاع کیلئے ٹرینیں چلائی جاتی تھی جو کہ وقت کے ساتھ ساتھ ختم کردی گئی اور صرف چار ٹرینیں بولان میل کوئٹہ کراچی ، جعفر ایکسپریس کوئٹہ تا پشاور ، اکبر بگٹی ایکسپریس کوئٹہ تا لاہور،کوئٹہ چمن کیلئے چلائی جارہی تھی لیکن کرونا وباء کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ان تین ٹرینوں کو بھی بند کردیا گیا اور پھر صرف جعفر ایکسپریس کو بحال کیا گیا ۔

اور باقی تمام روٹس پر چلنے والی ٹرینیں اب بھی بند ہے ۔ جس کے باعث جہاں ایک جانب غریب شہریوں ، مسافروں کو آمدورفت کیلئے مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے وہی دوسری جانب ریلوے ملازمین بالخصوص سامان اٹھانے والے قلی ودیگر شدید مالی بحرانوں اور مشکلات سے دوچار ہے ۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ صوبے بالخصوص کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے بعض لوگ اس وقت ملک کے دیگر اضلاع میں ہیں اور تعلیمی اداروں کے کھولنے پرواپس اپنے گھروں کو آنے کیلئے پریشان ہیںکیونکہ ٹرانسپورٹ پر رش بڑھنے اور اضافی کرایوں کی وجہ سے انہیں مالی مشکلات اور وقت کی کمی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔