|

وقتِ اشاعت :   March 4 – 2021

کوئٹہ : بلوچستان عوامی پارٹی کے سینئر نائب صدراور سابق صوبائی وزیر میر عبدالکریم نوشیروانی نے سینیٹ الیکشن میں بلوچستان عوامی پارٹی کے سینیٹرز کی تاریخی کامیابی پر وزیراعلی بلوچستان جام کمال اور نومنتخب سینیٹرز کو مبارکباددیتے ہوئے کہاہے کہ وہ ایوان بالا میں بلوچستان کی آواز بنیں گے اور ملک کے بہتر مفاد میں ہونے والی قانون سازی میں کلیدی کردارادا کرکے محب وطن پاکستانی اور پارلیمینٹرین ہونے کا ثبوت دینگے۔

بیرون ملک دورے سے واپسی پر کراچی سے ٹیلی فون پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سابق صوبائی وزیر میر عبدالکریم نوشیروانی کا کہنا تھا کہ وزیراعلی بلوچستان جام کمال جوکہ بلوچستان عوامی پارٹی کے سربراہ بھی ہیں نے جس سیاسی بصیرت کا مظاہرہ کرتے ہوئے سینیٹ کے ان الیکشن میں بلوچستان عوامی پارٹی کے نامزد امیدواروں کو کامیاب کرایا وہ بلوچستان کی سیاسی تاریخ میں سنہرے حروف میں لکھاجائیگا۔

ایک طرف مخالفت اور چمک تھی دوسری طرف حق وسچ اور ضمیر کا ووٹ تھا وزیراعلی جام کمال نے جس سیاسی بصیرت سے حق وسچ کا پرچار کرتے ہوئے اتحادیوں کو یکجاکرکے چمک دمک کو کلین بولڈ کیا وہ قابل تعریف عمل ہے، میں پارٹی کا ایک سینئر کارکن ہوتے ہوئے ان کی اس کاوشوں کوسلام پیش کرتاہوں انہوںنے بی اے پی کے امیدواروں کو کامیاب کرکے اپنی حب الوطنی اور صوبے کے عوام کے ساتھ مخلص ہونے کا ثبوت دیاہے۔

میر عبدالکریم نوشیروانی نے بی اے پی کے نومنتخب سینیٹرز سعید احمد ہاشمی، میر سرفراز بگٹی، منظور کاکڑ، آغاعمراحمدزئی، دھنیش کمار اور ثمینہ ممتاز کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ ہمیں امید ہے کہ سینیٹ میں بلوچستان کے عوام کی آواز بنیں گے اور قانون سازی کے عمل میں اپنا کلیدی کردارادا کرینگے۔

بلوچستان عوامی پارٹی کے سینئر نائب صدر میر عبدالکریم نوشیروانی نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے موجودہ چیئرمین سینیٹ میر صادق سنجرانی کو دوبارہ چیئرمین سینیٹ کے عہدے کیلئے حکومت کی جانب سے مشترکہ امیدوار کے طورپر لانے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاہے کہ چیئرمین سینیٹ میر صادق سنجرانی بلا شبہ اس عہدے کیلئے اہل شخصیت ہیں۔

جنہوںنے اس سے قبل بھی اس عہدے پر رہتے ہوئے ایوان بالا کو غیر جانبدار ہوکر چلایاہے اور یہی وجہ ہے کہ آج تحریک انصاف اور اس کی استحادی جماعتیں دوبارہ انہیں اس عہدے کیلئے سب سے موزوں سمجھتی ہیں ان کی دوبارہ نامزدگی نہ صرف بلوچستان کیلئے بلکہ بلوچستان عوامی پارٹی کیلئے بھی ایک فخر اور اعزاز کی بات ہے۔

ہمیں امید ہے کہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والی سیاسی جماعتیں جن کی سینیٹ میں نمائندگی ہے وہ چیئرمین سینیٹ کے عہدے کیلئے صادق سنجرانی کی حمایت کرینگی اور فتح انشااللہ دوبارہ حق وسچ کی ہوگی۔