کوئٹہ: جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل سینیٹر مولاناعبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ اسلام آباد کے سینٹ انتخاب میں حکومت کو شکست کے بعد اخلاقی طور پر مستعفیٰ ہوجاناچاہئے عمران خان اورانکی حکومت اگرا ستعفیٰ نہیں دیتے تو 26مارچ کو لانگ مارچ کے لئے ملک بھر سے قافلے اسلام آباد کیلئے روانہ ہونگے اور حکومت کا خاتمہ کرکے دم لیں گے ۔
یہ بات انہوں نے بدھ کی رات کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی اس موقع پر نومنتخب سینیٹر کامران مرتضیٰ ایڈووکیٹ،جمعیت علماء اسلام کے ارکان صوبائی اسمبلی ملک سکندرایڈووکیٹ،اصغر علی ترین ،یونس عزیز زہری ،حاجی نواز کاکڑ،سعید عزیز اللہ ،سابق صوبائی وزراء عین اللہ شمس ،حافظ خلیل احمدسارنگزئی سمیت دیگربھی موجود تھے۔ مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ سینٹ انتخابات میں قومی اسمبلی نے حکومت پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے سید یوسف رضا گیلانی کو کامیاب کرایا ہے حکومت کے پاس اب اخلاقی طور پر حکمرانی کا کوئی جواز نہیں لہذا ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ حکومت کو مزید اقتدار میں رہنے کا کوئی جواز حاصل نہیں ۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت 2018ء میں بھی سلیکٹ کی گئی اڑھائی برس میں ملک کی معیشت کو تباہ ،نوجوانوں کوروزگار دینے کی بجائے بے روزگار، 50لاکھ گھر بنانے کی بجائے لوگوں کوبے گھر کیا گیاجو لوگ کہتے تھے کہ ڈالر کو 60روپے پر لائیں گے اور آئی ایم ایف سے قرضہ نہیں لیں گے الٹا آئی ایم ایف کے قرضے ختم کرکے غریب ممالک کوقرضہ دیں گے انہوں نے آج ملک کو مسائل سے دوچار کررکھا ہے ۔
جی ڈی پی منفی میں چلی گئی ہے میگاپروجیکٹ تو کیا چھوٹے منصوبے بھی شروع نہیں کئے گئے سی پیک رک چکا ہے سرمایہ کار ملک میں آنے کو تیار نہیںآج پی ڈی ایم اور قومی اسمبلی نے کٹھ پتلی حکومت ،آئی ایم ایف حفیظ شیخ کو مسترد کردیا ہے عمران خان کے پاس خود کشی کے علاوہ کوئی چارہ نہیںوہ ماضی میں کہتے تھے کہ پانچ ہزار لوگ بھی نکل آئیں تو اقتدار چھوڑ دیں گے وہ اب اپنے وعدوںکا پاس رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے اگر استعفیٰ نہیں دیاتو 26مارچ کو ملک بھر سے لانگ مارچ کے قافلے اسلام آباد پہنچ کر حکومت کا خاتمہ کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ شہریار آفریدی نے جرات کا مظاہرہ کیا اور انہوں نے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ وہ ووٹ نہیں دیں گے پی ٹی آئی اڑتے طوطوں کی جماعت ہے انکے پاس کوئی نظریہ نہیں حکومت شکست کھاچکی ہے اب اسکے پاس حکمرانی کا کوئی جواز نہیں۔
اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے بلوچستان اسمبلی میںاپوزیشن لیڈرملک سکندرخان ایڈووکیٹ نے کہا کہ بادی النظر میں پیراشوٹر کابلوچستان سے کامیاب اور سیاسی لوگوں سے زیادہ ووٹ لینا حکومت بلوچستان کے لئے شرمندگی کاباعث ہے حکومت نے انہیں کامیاب کروایا اوراپنے لوگوں سے بھی زیادہ ووٹ دلوائے ۔