|

وقتِ اشاعت :   March 4 – 2021

کوئٹہ: احتساب عدالت کوئٹہ IIکے جج جناب اللہ داد روشان نے مہرگڑھ ورثہ کی بحالی اور ہرجانے کی مد میں قومی خزانے کو کروڑوں روپے نقصان پہنچانے کے ریفرنس میں نامزد سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب اسلم رئیسانی سمیت 7ملزمان پر فرد جرم عائد کردی ۔نواب اسلم رئیسانی سمیت تمام حاضر ملزمان کے صحت جرم سے انکارپر گواہان کو طلب کرکے سماعت 16مارچ تک ملتوی کردی گئی۔

گزشتہ روز ریفرنس کی سماعت کے موقع پر سا بق وزیر اعلیٰ بلو چستان نواب اسلم خان رئیسانی سمیت 7ملزمان عدالت کے روبرو پیش ہوئے تو عدالت کے جج نے انہیں فرد جرم پڑھ کر سنایا توملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا جس پر عدالت نے گواہان استغاثہ کوطلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی، ریفرنس میں نامزد ایک ملزم سماعت کے موقع پر پیش نہ ہو سکے۔

عدالت نے مذکورہ ریفرنس کی اگلی سماعت 16مارچ کو مقرر کی ہے۔سابق وزیر اعلی بلوچستان و رکن صوبائی اسمبلی نواب اسلم رئیسانی پرالزام ہے کہ انہوں نے مبینہ طور پر اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے اپنے خاندان کیلئے غیر قانونی طور پر کروڑوں روپے ہرجانے کی مد میں حاصل کئے ریفرنس میں نامزد ملزمان پر غیر قانونی عمل سے خزانے کو 817ملین روپے کا نقصان پہنچا نے کا الزام ہے۔