|

وقتِ اشاعت :   March 4 – 2021

کوئٹہ: پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے رہنمائوں نے سینیٹ انتخابات میں سید یوسف رضا گیلانی کی کامیابی کو جمہوریت کی جیت اور حکمرانوں کی ہار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سید یوسف رضا گیلانی کی جیت کے بعد وزیراعظم عمران خان کو اخلاقاً مستعفی ہوجانا چاہیے ، آج کے انتخابات نے نااہل حکومت کو آئینہ دکھادیا ہے ، یوسف رضا گیلانی کو کامیاب کرانے پر پی ڈی ایم کے تمام قائدین مبارکباد کے مستحق ہیں۔

آنے والا دور پاکستان پیپلزپارٹی کا ہوگا ۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے صدر علی مدد جتک ، سابق سینیٹر روزی خان کاکڑ ، جنرل سیکرٹری سید اقبال شاہ ، صدر کوئٹہ سٹی نور الدین کاکڑ و دیگر نے کوئٹہ پریس کلب کے باہر یوسف رضا گیلانی کی جیت کی خوشی میں مٹھائیاں تقسیم کرنے کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کیا ۔ اس سے قبل پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں پر مشتمل ریلی نکالی گئی۔

جو مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی پریس کلب کوئٹہ پہنچی جہاں پیپلزپارٹی کے قائدین اور کارکنوں نے مٹھائیاں تقسیم کی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علی مدد جتک ، روزی خان کاکڑ ، سید اقبال ، نور الدین کاکڑ و دیگر نے سید رضا گیلانی کو کامیاب کرانے پر پی ڈی ایم کے قائدین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم نے جمہوری راستہ اپنا یا ۔

انہوں نے کہاکہ عوام نے چور دروازے سے آنے والوں کو پہنچان لیا ہے اور آج کے نتائج نااہل حکومت کو آئینہ دکھانے کے مترادف ہے ۔ انہوں نے کہاکہ حکمرانوں نے برسراقتدار آنے سے قبل بلند و بانگ دعوے کئے تھے کہ وہ لوگوں کو روزگار دیں گے۔

مگر آج بدترین مہنگائی عوام مسلط کرکے برسرروزگار ملازمین کو فارغ کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سید رضا گیلانی کی کامیابی جمہوریت کی جیت اور حکمرانوں کی ہار ہے اس لئے سلیکٹڈ کو اخلاقاً مستعفی ہوجانا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ آنے والا دور پاکستان پیپلزپارٹی کا ہوگا کیونکہ پیپلزپارٹی اپنے ادوار میں عوام کی فلاح وبہبود کے لئے جو اقدامات اٹھائے ہیں وہ سب کے سامنے ہیں۔