کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ بلوچستان سے سینٹ انتخابات میں حکومتی اتحاد کی کامیابی بہتر حکمت عملی کا نتیجہ ہے ، ہم نے گزشتہ روز جن اہداف کی حصول کی بات کی تھی اسے آج حاصل کرلیا ہے جس پر اتحادی جماعتوں کے قائدین اور اراکین اسمبلی مبارکباد کے مستحق ہیں ، آزاد امیدوار عبدالقادر کی تائید و تجویز بلوچستان عوامی پارٹی کے اراکین اسمبلی نے کی تھی ان کی کامیابی خوش آئند ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو سینٹ انتخابات کے نتائج آنے کے بعد میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ وزیراعلیٰ بلوچستان کے ہمراہ نومنتخب سینیٹر پرنس آغا عمر احمدزئی ،نومنتخب سینیٹر دھنیش کمار ، صوبائی وزراء سردار عبدالرحمن کھیتران ، عارف جان محمد حسنی ، نور محمد دمڑ ، اراکین اسمبلی نصیب اللہ مری ، گہرام بگٹی ، ترجمان حکومت بلوچستان لیاقت شاہوانی ودیگر بھی موجود تھے ۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھاکہ بلوچستان میں اتحادی حکومت میں جماعتوں نے جو اہداف مقرر کئے تھے انہیں حاصل کرلیا گیا ہے ، عبدالقادر بلوچستان عوامی پارٹی اور تحریک انصاف کے مشترکہ امیدوار تھے ۔ کامیاب حکمت عملی پر تمام اتحادی جماعتوں پاکستان تحریک انصاف ، عوامی نیشنل پارٹی ، ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی ، جمہوری وطن پارٹی ، بلوچستان نیشنل پارٹی ( عوامی ) ، سردار ثناء اللہ زہری کو مبارکباد دیتا ہوں۔
جنہوں نے حکومتی اتحاد کے نامزد امیدواروں کو کامیاب کرانے میں اپناکردار ادا کیا ۔ ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا کہ مرکز اور صوبوں میں سخت مقابلہ تھا ، چیئرمین سینٹ کا فیصلہ اتحادی جماعتوں سے مل کر کریں گے ۔ سید یوسف رضا گیلانی اور حفیظ شیخ کے مابین کانٹے دار مقابلے کے بعد یوسف رضا گیلانی نے کامیابی حاصل کی ۔ انہوں نے کہا کہ عبدالقادر کے کاغذات کی تجویز و تائید بی اے پی کے امیدواروں نے کی تھی ۔
عبدالقادر کی کامیابی بلوچستان عوامی پارٹی ، تحریک انصاف اور اتحادی جماعتوں کی کامیاب حکمت عملی کا نتیجہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پرامن طریقے سے سینیٹ انتخابات کا انعقاد خوش آئند ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہاکہ میں نے گزشتہ روز سردار اختر مینگل کی جانب سے پریس کانفرنس میں دعوے کے بعد کہا تھا کہ ہم نے جو اہداف مقرر کئے ہیں وہ حاصل کریںگے ۔
دریں اثناء وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان سے پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی صدر وصوبائی وزیر سرداریارمحمد رند نے یہاں ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے سینیٹ انتخابات میں مخلوط حکومت میں شامل جماعتوں کی جانب سے نامزد امیدواروں کی کامیابی پر خوشی اور مسرت کا اظہار کیا۔ وزیراعلی نے کہا کہ آج کا دن حکومت میں شامل تمام اتحادی جماعتوں کے لیے مسرت کا باعث ہے ۔
اور اس بات کا عملی ثبوت ہے کہ حکومت کے درست اقدامات کے باعث آج سینیٹ انتخابات میں تمام اتحادی جماعتوں کو بھرپور کامیابی ملی۔ صوبائی وزیر سردار یار محمد رند نے کہا کہ صوبے کی ترقی اور خوشحالی میں پاکستان تحریک انصاف اور بلوچستان عوامی پارٹی اپنے اتحاد کو قائم رکھتے ہوئے عوامی خدمت کو جاری رکھے گی۔دریں اثناء وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے بلوچستان سے نومنتخب سینیٹروں کو ان کی کامیابی پر مبارکباد پیش کی ہے۔
اپنے ایک تہنیتی پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ پرامن ماحول میں خوش اسلوبی سے سینٹ کے انتخاب کا انعقاد ملک میں جمہوریت کی مضبوطی اور فروغ کے لئے نہایت خوش آئند ہے۔انہوں نے اراکین اسمبلی کو بھی جمہوری روایات کے مطابق حق رائے دہی کے استعمال پر مبارکباد پیش کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی اسمبلیوں اور قومی اسمبلی میں سینٹ کے انعقاد سے جمہوری عمل کا ایک اہم مرحلہ طے ہوگیا ہے ۔
اور آج کا دن یقینا جمہوریت کے لئے بے حد اہم اور سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ بلوچستان سے منتخب ہونے والے سینٹر ایوان بالا میں اپنی بھرپور صلاحیتوں کے ذریعہ بلوچستان کے مسائل کو مؤثرطور پر اجاگر کرکے صوبے کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے نومنتخب سینیٹروں کی مستقبل میں مزید کامیابیوں کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
دریں اثناء وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان سے وزیر اعلی سیکرٹریٹ میں سینیٹ کے لییمنتخب ہونے والے بی اے پی کے امیدواروں صوبائی وزراء اور اراکین اسمبلی نے ملاقات کی۔
وزیراعلیٰ نے بلوچستان عوامی پارٹی اور اتحادی جماعتوں کے نومنتخب سینیٹرز کو مبارکباد دی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے حکومتی اتحاد کے نومنتخب سینیٹرز کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں کامیاب حکمت عملی اور اتحادی جماعتوں کی سپورٹ سے سینیٹرز کو منتخب کرایا۔