|

وقتِ اشاعت :   March 4 – 2021

کوئٹہ: جمعیت علما اسلام کے صوبائی امیر و رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ عمران خان کے پاس مستعفی ہونے کے سوا کوئی باعزت راستہ نہیں ہے ، سلیکٹڈقومی اسمبلی میں اکثریت کھو چکے ہیں اب انہیں مزید اقتدار میں رہنے کا کوئی جواز باقی نہیں رہا ، جلد ہی عوام عوام کی طاقت سے انہیں گھر رخصت کریں گے ۔ ان خیالا ت کا اظہا رانہوں نے گزشتہ روز پارٹی کارکنوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی بہتر حکمت عملی کے نتیجے میں ضمنی انتخابات میں سلیکٹڈ حکمرانوں کو شکست دینے کے بعد سینیٹ انتخابات میں بھی شکست سے دوچار کیا ۔ انہون نے کہا کہ 2018کے عام انتخابات میں دھاندلی کے ذریعہ یہ نااہل ملک پر مسلط ہوئے اور ان ڈھائی سالہ دور میں انہوں نے تمام شعبوں تباہی کے دہانے پر کھڑے کردیئے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ سینٹ انتخابات میں سید یوسف رضا گیلانی ہمارے مشترکہ اور متفقہ امیدوار تھے، ان کی کامیابی پی ڈی ایم کی کامیابی ہے، اسی اتحاد سے عمران خان کو جلد اقتدار سے رخصت کریں گے جبکہ اب اتحادیوں کی مشاورت سے چیئرمین سینیٹ کے امیدوار کا فیصلہ کرینگے ۔ انہوں نے کہاکہ عوام کے بعد قومی اسمبلی نے بھی عمران خان پر عدم اعتماد کا اظہار کردیا تو انہیں اخلاقی طور پر مستعفی ہوجانا چاہیے۔

اور ملک میں فوری طور پر نئے سرے سے صاف شفاف انتخابات کا انعقاد کرایا جائے کیونکہ اب ان کے پاس استعفیٰ کے سوال کوئی اور راستہ نہیں بچا ۔ مولانا عبدالواسع نے کہاکہ ہم نے سینیٹ کا الیکشن سیاست اور تعلقات کی بنیاد پر لڑا، بہت سے لوگ ایسے ہیں جوووٹ دینا چاہتے تھے۔

لیکن نہ دے سکے، حکومتی بینچوں پر جو بیٹھے ہیں ان کے دل ہمارے ساتھ ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنی جمہوری جدوجہد جاری رکھیں گے اور پی ڈی ایم کا جو متفقہ فیصلہ ہوگا اس پر عمل درآمد کریں گے ۔