کوئٹہ: صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر محمد عارف محمد حسنی نے بلوچستان سے نومنتخب سینیٹروں کو ان کی کامیابی پر مبارکباد پیش کی ہے، اپنے ایک تہنیتی پیغام میں صوبائی وزیٰر نے کہا ہے کہ بلوچستان سے نو منتخب سینٹر ایوان بالا میں اپنی بھرپور صلاحیتوں کے ذریعہ بلوچستان کے مسائل کے حل اور جائز حقوق کے حصول کیلئے آواز بلند کرتے رہیں گے۔
انہوں نے خوشگوار ماحول میں سینٹ انتخابات کے انعقاد پر اراکین اسمبلی کو بھی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ جمہوری طرز کے مطابق حق رائے دہی کے استعمال نہ صرف جمہوری اقدار کو فروغ ملا بلکہ ہارس ٹریڈنگ کے ذریعے غیر سیاسی لوگوں کے مقدس ایوان میں آنے کے مواقع بھی معدوم نظر آئے۔
صوبائی وزیر نے باپ پارٹی اور اس کی اتحادی جماعتوں کے اراکین اسمبلی کی محنت اور کاوشوں کو بھی خوب سراہتے ہوئے کہا کہ اتحادی جماعتوں کی بہترین حکمت عملی کے باعث ہمارے نامزد امیدواروں کا انتخاب احسن طریقے سے پایہ تکمیل کو پہنچا۔
صوبائی وزیر نے وزیر اعلیٰ جام کمال خان کی قائدانہ صلاحیتوں کی بھی تعریف کی کہ وزیر اعلیٰ صوبے کی ترقی و خوشحالی کیلئے اپنے پورے کابینہ ہمراہ جس جانفشانی سے خدمات انجام دے رہے ہیں وہ دن دور نہیں جب بلوچستان کا شمار ملک کے ترقی یافتہ صوبوں میں ہوگا۔