|

وقتِ اشاعت :   March 4 – 2021

کوئٹہ: صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے سینیٹ انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والے بلوچستان عوامی پارٹی کے نامزد اور حمایتی امیدواروں کوسینٹ انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہونیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔وزیر داخلہ نے نو منتخب سینیٹرز کے نام اپنے تہنیتی پیغام میں کہاہے کہ نومنتخب سینیٹرز آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور جمہوری عمل کے استحکام کیلئے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائیں گے ۔

اور قانون سازی میں اپنا موثر کردارادا کریں گے۔وزیر  داخلہ نے توقع ظاہر کی کہ نومنتخب سینیٹرز بلوچستان کی عوام و اراکین اسمبلی کی توقعات پر پورا اتریں گے اور اپنے منصب کی لاج رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ آج کے سینیٹ انتخابات کے نتائج سے واضح ہو گیا ہے کہ بلوچستان عوامی پارٹی صوبے کی سب سے بڑی جماعت ہے اور عوام کے دلوں میں بستی ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ جھوٹ کا سہارا لینے والے عوام کے دلوں سے  بلوچستان عوامی پارٹی کی محبت کبھی نہیں نکال سکتے۔جھوٹ اور انتشار کی سیاست کے علمبرداروں کیلئے سینیٹ انتخابات نوشتہ دیوار ہیں۔