کوئٹہ: جامعہ بلوچستان کے بورڈ آف ایڈوانس اسٹڈیز اینڈ ریسرچ کا 151واں اجلاس زیر صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شفیق الرحمن جامعہ کے سینڈیکیٹ ھال میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں ڈین فیکلٹیز نے شرکت کی جس میں ڈاکڑمحمد انور پانیزئی ،ڈاکٹر ملک محمد طارق ،ڈاکٹر محمدعالم مینگل ،ڈاکٹر اقبال خٹک ، ڈاکٹر سید عمر جان ، ڈاکٹر سعیدہ مینگل ، ڈاکٹر ثوبیہ رمضان ، ڈاکٹر ظہور بازئی ، رجسٹرا ر گل محمد کاکڑ سمیت بورڈ کے دیگر اراکین نے شرکت کی ۔ اجلاس میں تعلیمی، تحقیقی ایجنڈہ رکھا گیا۔ جس میں اعلی تعلیم ، تحقیق کے فروغ ، ایم فل ، پی ایچ ڈی پروگرامز ، کارکردگی رپورٹ ، مستقبل کے تعلیمی منصوبے ، مختلف شعبہ جات کے اسکالرز کو ڈگری ایوارڈکرنے سمیت مختلف معاملات کا جائزہ لیا گیا اور مختلف فیصلے کئے گئے۔
اجلاس سے وائس چانسلر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پالیسی ساز اداروں کے اہمیت ، کردار اور انکی زمہ داریاں اہم ہیں۔کہ وہ ادارے کی ترقی ، معیاری تعلیم و تحقیق کے فروغ اور مستقبل کے تعلیمی ، تحقیقی ، ترقیاتی منصوبوں کو مد نظر رکھتے ہوئے پالیسیاں ترتیب دے۔اور اسکالرز کو بہتر سمت کی جانب راغب کرنے ، کارآمد موضوعات منتخب کرنے سمیت معیاری جرنلز میں تحقیقی مواد کی اشاعت کو پروان چڑھائیں۔
تاکہ تحقیقی و تجرباتی عمل سے بہتر نتائج اخذ کئے جا سکے۔کیونکہ کسی بھی معاشرے کی ترقی و خوشحالی میں تعلیمی اداروں و تعلیمی ماہرین کا اہم کردار رہا ہے اور اسی کردار کو برقرار رکھنے کیلئے بہتر انسانی وسائل کی پیداوار میں اضافہ جدید تحقیق کے ذریعے معیاری تعلیم کے فراہمی کو اپنا نصب العین بنائیں۔انھوں نے کہا کہ جامعہ کے تعلیمی ، تحقیقی سرگرمیوں اور ترقیاتی منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔
اور سب کی مشاورت سے مستقبل کے تعلیمی منصوبوں کو پروان چڑھانے کیلئے لائحہ عمل طے کئے جا رہے ہیں۔