|

وقتِ اشاعت :   March 4 – 2021

دالبندین: پیپلز پارٹی کی جیت جمہوریت کی فتح ہے۔ سلیکٹڈ حکمرانوں کو گھر جانا چاہیے ان خیالات کا اظہار پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماء و سابق وفاقی وزیر سردار محمد عمر گورگیج نے سینٹ کے حالیہ انتخابات میں اسلام آباد سے پیپلز پارٹی اور پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار یوسف رضا گیلانی کی کامیابی کی خوشی میں رئیسانی ہاوس دالبندین میں پیپلز پارٹی کے کارکنوں میں مٹھائی تقسیم کرنے کے موقع پر خطاب کے دوران کہی۔

اس موقع پر پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر میر شاہ نواز رئیسانی،جنرل سیکرٹری کامریڈ سید محمد نبی شاہ،حاجی غلام جان حسن زئی،حاجی ابراہیم گورگیج،ملک خلیل محمد حسنی،ملک حاتم نوتیزئی،نذیر احمد نوتانی،ماما ظفر فدا،لالہ سمیع،لیاقت علی نوتیزئی،بابو امام بخش بلوچ،علی احمد ریکی سراج حسن زئی،سفر خان حسن زئی سمیت پیپلزپارٹی کے دیگر کارکنان بھی موجود تھے۔

اس موقع پر سابقہ وفاقی وزیر سردار محمد عمر گورگیج نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی سمیت پی ڈی ایم کے دیگر سینیٹرز کی کامیابی نے ملکی سیاست میں نئی تاریخ رقم کر دی حالیہ فتح ملک کے عوام اور جمہوریت کی فتح ہے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی شروع دن سے جمہوریت کے لیے قربانیاں دی ہیں انہوں نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کی کامیابی نے ثابت کردیا ہے کہ ملک عوام سلیکٹڈ حکمرانوں سے بیزار ہوچکے ہیں تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں نے عوام کو مہنگائی۔

بیروزگاری۔بدامنی۔لاقانونیت کے سوا کچھ بھی نہیں دیا۔ سرکاری ملازمین کو سڑکوں پر گھسیٹا۔ ملازمین کی مراعات چھین لی۔ عوام نے تبدیلی کے نعرے کو مسترد کر دیا ہے اور سینٹ کے انتخابات میں بڑا اپ سیٹ اس بات کی دلیل ہے کہ آنے والا دور پیپلز پارٹی اور پی ڈی ایم کا ہوگا انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اپنے دور میں ملک کے عوام کی خدمت کی لوگوں کو روزگار دیا ترقی و خوشحالی کے لیے اقدامات اٹھائے ہیں۔

اس لیے عوام ایک بار پھر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پیپلز پارٹی کو اقتدار پر دیکھنا چاہتے ہیں اس موقع پر پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر میر شاہ نواز رئیسانی اور دیگر عہدے داروں نے سینٹ میں کامیابی کی خوشی میں پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماء و سابق وفاقی وزیر سردار محمد عمر گورگیج کو ہار پہنائے اس دوران نعرہ بھٹو اور جئے بھٹو کے نعرے بھی لگائے گئے۔