اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے اعلان کیا ہے کہ حکومت اور اتحادیوں کی جانب سے چیئرمین سینیٹ کے لیے صادق سنجرانی ہی امیدوار ہوں گے ۔وزیراعظم ہائوس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے صادق سنجرانی کو چیئرمین سینیٹ برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
بعد ازاں ایک انٹرویومیں شبلی فراز نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اعلی قیادت کے ساتھ مشاورت کے بعد فیصلہ کیا ہے کہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی پچھلے تین سال کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے حکومت اور ہمارے اتحادیوں کی جانب سے وہ چیئرمین سینیٹ کے امیدوار ہوں گے۔انہوںنے کہاکہ قوم کو پتا چل گیا کہ کون کس طرف کھڑا تھا، اپوزیشن ایسی قوتوں کی نمائندگی کر رہی ہے۔
جن کا ہمیشہ ووٹ خریدنے پر انحصار رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہفتے کو قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کرلیا ہے ۔وزیراعظم کے اعتماد کے ووٹ سے متعلق انہوںنے کہاکہ بنیادی طور پر ارکان یہاں موجود ہوں گے اور ایسا موقع ہے جس میں پتا چل جائیگا، پاکستان کی تاریخ میں ایسا نہیں ہوا کہ وزیراعظم اپنی اخلاقی قوت کی بنیاد پر اپنے لیے اعتماد کا ووٹ اراکین کی جانب سے دوبارہ لیں۔
انہوںنے کہاکہ ہم نئی روایت، مثبت جمہوری کلچر کے مطابق اور مہذب ممالک میں جڑ پکڑنے والی روایات کو لے کر چلنا چاہتے ہیں، وزیراعظم کو اپنے اراکین کا اعتماد ہوتا ہے اور جمہوریت صرف اخلاقی اقدار پر چلتی ہے۔
جہاں پیسہ اور دھونس کی روایات ہوں تو نہ وہ معاشرے ترقی کرتے ہیں اور نہ ہی وہ ملک ترقی کرتے ہیںدریں اثناء وزیراعظم عمران خان کو وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے جمعرات کے روز ٹیلیفون کیا۔ وزیر اعلیٰ نے ایک بار پھر بلوچستان سے محمد صادق سنجرانی کو چیئرمین سینیٹ کے لیے حکومت اور اتحادیوں کی جانب سے امیدوار کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔
وزیر اعظم سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعلی بلوچستان نے کہا کہ انشاء اللہ اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر چیئرمین سینیٹ لائیں گے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بھی اس حوالے سے ایک پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ میں شکر گزار ہوں ۔
وزیر اعظم عمران خان کا جنہوں نے باہمی اشتراک سے ہماری پارٹی کے چیئرمین سینیٹ کے لیے نامزد امیدوار محمد صادق سنجرانی کو ایک بار پھر بلوچستان سے حکومت کی جانب سے امیدوار نامزد کرنے کا اعلان کیا۔ وزیراعلی نے کہا کہ انشاء اللہ چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے عہدے کے لئے اتحادیوں کے ساتھ ملکر بھر پور انداز میں مقابلہ کریں گے۔