لندن: مسلم لیگ(ن) کے قائد میاں نوازشریف نے کہا ہے کہ سینیٹ الیکشن میں یوسف رضا گیلانی کی فتح اس بات کی عکاس ہے عمران خان اور موجودہ حکومت ایوان میں اکثریت کھو چکے ہیں، ہمارا بیانیہ اب قوم کی دلوں کی آواز بن چکا ،وقت آگیا اس کی راہ میں آنیوالی ہر رکاوٹ کو عوام اب اپنے پائوں کی ٹھوکر سے اڑا دیں ،ریاست نظام کو بار بار اپنے پائوں تلے روندنے والی قوتوں کو اپنا رویہ تبدیل کرنا ہو گا۔
غیر آئینی ، غیر قانونی ، غیر اخلاقی اور غریب دشمن حکومت کیخلاف آواز اٹھانا عبادت سمجھتا ہوں،یہ وقت دلیری کیساتھ آگے بڑھنا ہوگا ، ہمیں نہ انگریزوں اور نہ ہی آئین کے غداروں کی غلامی قبول ہے،بائیس کروڑ عوام کے حقوق کے لئے کبھی ایک لمحے کیلئے پیچھے نہیں ہٹا اور نہ ہی ہٹوں گا،اگر ہم نے ان آئین شکن کرداروں کا راستہ نہ روکا تو آنیوالی نسلیں ہمیں کبھی معاف نہیں کریں گی26مارچ کے لانگ مارچ کو ہمیں کامیاب کرانا ہے۔
ہمیں پاکستان کو لگی ان بیماریوں سے نجات دلانا ہے ۔ اسلام آباد میں مسلم لیگ ن کے ورکرزکنونشن سے خطاب کرتے ہوئے نوازشریف نے کہاکہ مشاہد اللہ کی وفات پر بہت رنجیدہ ہوں۔
جنہوںنے ساری عمر جمہوریت کا علم اٹھائے رکھا مجھے یاد ہے کہ جب میں اڈیالہ جیل میں ہوتا تھا تو مجھے ہر مرتبہ جیل میں ملتے تھے اور جیل میں میرا حوصلہ بڑھاتے تھے اور جیل میں سنائے گئے چند شعر آج بھی مجھے یاد ہیں۔