وڈھ: جمعیت علماء اسلام کے رہنماء و رکن صوبائی اسمبلی بلوچستان میر یونس عزیز زہری نے تحصیل وڈھ میں شاہ جی ہوٹل وڈھ کا شاندار افتتاح کیا۔ افتتاح کے موقع پر جمعیت علماء اسلام کے رہنماء سردار علی محمد قلندرانی ، غلام سرور موسیانی ، جسٹس ریٹائرڈ عبدالقادر مینگل، مولانا عبدالصبور مینگل ، مولانا عبدالکبیر مینگل، مولانا محمود الحسن قمر،مولونا محمد اسحاق شاہوانی سمیت دیگر سیاسی و مذہبی لوگوں کی ایک بڑی تعدادنے شرکت کی۔
جسٹس ریٹائرڈ عبدالقادر مینگل کی تعمیر شدہ ہوٹل اور جامع مسجدفیض العلوم کے افتتاح کے بعدجامع مسجد فیض العلوم کلی براہمزئی وڈھ میں باقاعدہ پہلی جمعہ نماز پڑھی گئی ۔ جمعہ نماز مولانا محمودالحسن قمر نے پڑھائی ۔ اس موقع پر میر یونس عزیز زہری نے کہا کہ مدرسہ کالج فیض العلوم کلی براہمزئی وڈھ کاادارہ تحصیل وڈھ میں دینی و عصری علوم کی فروغ میں اہم کردار ادا کریگا۔
مدرسہ و کالج کی اخراجات کو پورا کرنے کیلئے ہوٹل و دیگر دکانوں کی تعمیر کرکے جسٹس ریٹائرڈ نے ایک اہم کام کیا ہے جوکہ مستقبل میں علاقہ کے لوگوں کی زندگیوں پر ایک بہترین تبدیلی لائے گی۔ جسٹس عبدالقادر مینگل کے تحصیل وڈھ میں خدمات خوش آئند ہیں ۔ جامع مسجد سے کلی براہمزئی وڈھ اور تحصیل وڈھ کے دیگر لوگوں کو جمعہ نماز کی سہولت میسر ہوگی۔
جسٹس عبدالقادر مینگل کے مطابق مدرسہ کے پرائمری سیکشن میں فی الوقت ایک فارغ التحصیل عالم دین اور ایک ٹیچر تعینات کئے جائیں گے جوکہ مدرسہ میں قرآن ناظرہ اور ریاضی،انگلش پڑھائیں جبکہ سیکنڈ حصے کیلئے کالج اور یونیورسٹی لیول کے پانچ اساتذہ کی تقرری ہوگی جو ہائی سکول اور کالج کے طلباء کو سیکنڈ ٹائم انگلش، ریاضی ، فزکس، کیمسٹری اور بیالوجی پڑھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ قرآن کی تعلیم کے ساتھ ساتھ بچوں میں تعلیمی صلاحیت و قابلیت کو بڑھاکر ان کو قوم کی خدمت میں ڈاکٹر، ٹیچر اور انجنیئرکی صورت میں متعارف کیا جائے گا۔ جسٹس ریٹائرڈ عبدالقادر مینگل نے مہمانوں کی اعزاز میں پرتکلف ظہرانے کا بھی اہتمام کیا ۔