کوئٹہ: امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا ہے کہ ملک کی باگ دوڑ نا اہل ،بدعنوان ٹولے کے ہاتھ میں آچکی ہے ، جونہ صرف مسائل کو دیکھ کر گھبرایا ہوا ہے بلکہ ان مسائل میں مزید اضافہ کررہے ہیں۔فی سبیل اللہ مہم کی کامیابی کیلئے ہر سطح کے ذمہ داران بھر پور کردار اداکریں ۔حکومت صوبے کے تمام اضلاع کو یکساں ترقی دیکر پسماندگی غربت وپریشانی میں کمی کریں۔
غربت بے روزگاری اور بدعنوانی حکومتی تحفے ہیں جماعت اسلامی ان مظالم حکومتی بے حسی وغفلت کے خلاف ہر محاذپر جدوجہد کررہی ہے۔بلوچستان کے مسائل کے ذمہ داران حکومت واپوزیشن ہیں۔ 14مارچ ڈیرہ اللہ یار میں سراج الحق آئندہ لائحہ عمل کے حوالے سے اہم اعلان کریں گے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے ڈیرہ اللہ کے دورے کے دوران مختلف تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہاکہ حکومت سے ان کے اپنے لوگ مطمئن نہیں ،وزیراعظم کے سابقہ اعلانات اور اب کی کارکردگی دو مخالف سمت ہیں وزیر اعظم کب تک اپنی نااہلی ، ناکام پالیسیوں اور مایوس کن کارکردگی کا ملبہ دوسروں پر ڈالتے رہیںگے۔یوٹرن ،بے عمل اعلانات ،بڑے بڑے دعوئوں کی وجہ سے عوام نے ان سے بہت سے امیدیں لگارکھی تھی جو سب کے سب ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔
اشیائے ضروریہ کی قیمتوںمیں بدترین اضافہ کی وجہ سے مہنگائی کا نیا طوفان آیاہے،بے روزگاری میں بدترین اضافہ ہوا ہے 2020میں ادویات کے نرخوںمیں ہوشر با اضافہ کرکے کمپنیوں نے 400ارب سے زائد کا منافع کمایا۔ جبکہ چیک اینڈ بیلنس کا حکومتی نظام بری طرح ناکام رہا۔مارکیٹ کے مارکیٹ جعلی دونمبر ادویات سے بھرے ہیں مگر حکومتی چیک اینڈ بیلنس کا کوئی سسٹم نہیں۔