کوئٹہ: بلوچستان عوامی پارٹی ،عوامی نیشنل پارٹی کے نومنتخب سینیٹرز نے اس عزم کااظہار کیاہے کہ بلوچستان پر خریدوفروخت کی الزامات غلط ثابت ہوئیں ،بلوچستان کی آواز کو بھرپور انداز میں بلند کرینگے ،پرامن اور خوشگوار ماحول میں سینیٹ انتخابات جمہوریت کی جیت ہے ،بلوچستان پسماندہ نہیں ،پروپیگنڈہ کے خاتمے کیلئے بھرپور جدوجہد کی جائے گی ۔
ان خیالات کااظہار بلوچستان عوامی پارٹی کے نومنتخب سینیٹرز سعید احمد ہاشمی ،منظوراحمدکاکڑ، میرسرفراز احمدبگٹی ،پرنس آغاعمر احمد زئی ،اے این پی کے نوابزادہ ارباب عمر فاروق کاسی نے آن لائن سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹرسعیداحمدہاشمی اور منظوراحمدکاکڑ نے کہاکہ بلوچستان میں سینیٹ انتخابات میں منڈیاں لگنے اور خرید وفروخت کی باتیں جھوٹ ثابت ہوئیں ۔
الیکشن ہمارے سامنے ہوئے ووٹوں کی بنیاد پر حکومت اور اپوزیشن کو سینیٹ کی نشستیں ملیں ،اسلام آباد میں سینیٹ کی نشست پر پی ڈی ایم کامیاب ہوئی اس کا یہ مطلب نہیں کہ پی ڈی ایم صحیح ہے ،چیئرمین سینیٹ اور ڈپٹی چیئرمین کیلئے پی ٹی آئی اور بی اے پی مل کر کامیابی حاصل کریگی اور ثابت قدمی کامظاہرہ کرکے دکھائے گی ،فیڈریشن مین چیئرمین اتحادی جماعتوں کا ہوگا۔
نومنتخب سینیٹرز بلوچستان کی آواز ملک کے کونے کونے تک پہنچائیگی ،میرسرفراز احمد بگٹی نے کہاکہ میں اپنے پارٹی اور اراکین اسمبلی کاشکر گزار ہوں کہ انہوں نے ووٹ دیکر ہمیں ایک بار پھر ایوان بالا بھیجا ہم پہلے سے بڑھ کر صوبے کی نمائندگی کیلئے کرداراداکرینگے ۔پرنس آغا عمر احمد زئی نے کہاکہ نومنتخب سینیٹرز کی کامیابی جمہوریت کی کامیابی ہے ،بحیثیت سینیٹر بلوچستان جس کو ہمیشہ پسماندہ کہاگیا۔
ہم دکھا دیںگے کہ ہمارا صوبہ پسماندہ نہیں ،دوسرے صوبوں سے کندھا ملا کر چلیںگے ،بلوچستان سے متعلق پروپیگنڈہ کہ یہاں حالات خراب ہیں اس تاثر کے خاتمے کیلئے ہرممکن کوشش کرینگے بلوچستان میں امن وامان کی صورتحال پاک فوج سمیت قانون نافذکرنے والے اداروں کی بہت زیادہ قربانیاں شامل ہیں ،یہاں آباد اقوام پشتون ،بلوچ، آبادکار ،ہزارہ برادری کے تحفظات اور خدشات سنے جائیںگے ۔
نوابزادہ ارباب عمر فاروق کاسی نے کہاکہ اتحادی جماعتوں کے شکر گزار ہیں کہ پرامن اور خوشگوار ماحول میں سینیٹ انتخابات منعقد ہوئے ،اتحاد واتفاق سے اتحادی جماعتوں نے کامیابی حاصل کی ،اے این پی کے پلیٹ فارم سے موثر انداز میں آواز بلند کرینگے ۔