حب: بلوچستان نیشنل پارٹی کے نومنتخب سینیٹر واجہ محمد قاسم رونجھو نے کہا ہے میری جیت سردار اختر جان مینگل کی جیت ہے اور لسبیلہ کے عوام کی جیت ہے اب سینیٹ میں لسبیلہ کے عوام کی نمائندگی ہوگی پورے بلوچستان کے حقوق کیلئے عملی طور پر جدوجہد کروں گا میں وہ شخص ہوں جو چٹائی پر بیٹھ کر بھی بات کروں گا رب العزت نے سب کچھ دیا ہے مگر غرور تکبر سے اللہ پاک بچائے میں غریب عوام کا ہمدرد ساتھی ہوں غریب عوام کو کبھی بھی تنہا نہیں چھوڑوں گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینیٹر بننے کے بعد اوتھل کے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ ہماری فتح لسبیلہ کے عوام کی فتح ہے لاسی قوم خوش قسمت ہیں جنہیں سینیٹ میں نمائندگی ملی ہے اور قائد بلوچستان سردار اخترجان مینگل نے لسبیلہ کے عوام پر ایک بڑا احسان کیا ہے انہوں نے کہا کہ میں سردار اختر جان مینگل سمیت پوری پارٹی قیادت اور پی ڈی ایم کے دیگر رہنماوں ایم پی ایز کا بھی مشکور و ممنوں ہوں جنہوں نے مجھے کامیاب بنایا ہے۔
میں اپنی کامیابی لاسی عوام کی کامیابی تصور کرتا ہوں انشا اللہ ایوان بالا میں بہتر انداز میں لسبیلہ سمیت پورے بلوچستان کے حقوق کیلئے آواز بلند کروں گا میں نے ہمیشہ غریب عوام کو ترجیح دی ہے اور غریب عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کروں گا رب العزت نے اپنا سب کچھ دیا ہے لیکن کبھی بھی غرور وتکبر نہیں کیا ہے اور آئندہ بھی اللہ تعالی غرور و تکبر سے بچائے۔
انہوں نے کہا کہ انشا اللہ جلد پورے لسبیلہ کا دورہ کروں گا اور لوگوں سے ملاقاتیں کروں گا اور بی این پی مینگل پارٹی کو ضلع لسبیلہ میں مزید فعال و مضبوط بنایا جائیگا اور بی این پی مینگل کے پیغام کو گھر گھر پہنچاوں گا۔
سردار اختر جان مینگل نے مجھ پر اعتماد کرکے میرے اوپر ایک بہت بڑا احسان کیا ہے جس کومیں کبھی بھی فراموش نہیں کروں گا ضلع لسبیلہ میرا گھر ہے اور لسبیلہ کی خدمت میرے فرض میں شامل ہے۔