اسلام آباد: وزیراعظم عمرا ن خان سے بلوچستان عوامی پارٹی کے وفد نے ملاقات کی ، وفد میں وزیر اعلی جام کمال،صادق سنجرانی،زبیدہ جلال اورخالد مگسی شامل تھے ، جبکہ ملاقات کے دوران پی ٹی آئی کے اراکین پارلیمنٹ بھی موجودتھے ۔ملاقات میں چئیرمین سینٹ کے انتخاب سے متعلق بات چیت کی گئی اس دوران بلوچستان عوامی پارٹی نے وزیر اعظم کو ووٹ دینے سمیت ہر ممکن مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔
وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہاکہ ہماری پوری پارٹی آپکے ساتھ کھڑی ہے اورملک کو آگے لے جانے کیلئے آپکے وڑن کی مکمل حمایت کرتے ہیں،صادق سنجرانی کو دوبارہ امیدوار نامزد کرنے پر آپکے مشکور ہیں،چئیرمین کا انتخاب نمبر گیم ہے اس مرتبہ پھرسرپرائز دیں گے۔وزیراعظم کو چئیرمین سینٹ صادق سنجرانی نے یوسف رضا گیلانی سے ہونے والی ملاقات سے آگاہ کیا۔
اور بتایا کہ چئیرمین کے انتخاب کیلئے سب سے ووٹ مانگوں گا۔دریں اثناء وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ بلوچستان عوامی پارٹی وزیراعظم کے ساتھ ہے، (آج) تمام اتحادیوں سے اچھے کی امید ہے، صادق سنجرانی نے سینیٹ کو احسن طریقے سے چلایا اس دفعہ بھی ساتھ دینگے۔جمعہ کو وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے ملاقات کی ۔
ملاقات میں حالیہ سینیٹ انتخابات اور وزیر اعظم کے اعتماد کا ووٹ لینے کے فیصلے پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ دونوں رہنمائوں نے ملکی مجموعی سیاسی صورتحال پر بھی گفتگو کی ۔بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے کہا کہ وزیراعظم (آج) اعتماد کا ووٹ حاصل کر لیں گے،بلوچستان عوامی پارٹی حکومت کی اتحادی ہے اورپورے ممبران وزیراعظم کیساتھ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ (آج) تمام اتحادی وزیراعظم پر اعتماد کا اظہار کرینگے۔(آج) کے دن تمام اتحادیوں سے اچھے کی امید ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صادق سنجرانی بلوچستان سے نامزد ہیں۔
پہلے کی طرح اس دفعہ بھی ساتھ دیں گے۔صادق سنجرانی نے سینیٹ کو احسن طریقے سے چلایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی سینیٹ میں چوتھی بڑی جماعت ہے،اعتماد کا اظہار کرنے پر وزیراعظم کے مشکور ہیں۔