|

وقتِ اشاعت :   March 7 – 2021

کوئٹہ: جمعیت علما اسلام کے صوبائی امیر و رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ اب حکومت مزید قائم نہیں رہ سکتی،اپنے ہی اراکین اسمبلی نے وزیراعظم پر پر عدم اعتماد کا اظہار کردیا ہے سینیٹ انتخابات میں پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی پر کرپشن کے الزامات لگانے کے بعد ان کے معافی کا اعلان کرنا سب سے بڑا یوٹرن ہے ،یہ نالائق اور نااہل حکمران صرف کرپشن کا نعرہ لگا کر اپنے مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

خیبرپختونخوا میں ویڈیو اسکینڈل آنے کے بعد بھی وزیر سے استعفیٰ لینے کے باوجود سینیٹ انتخابات میں اسے گلے سے لگایا گیا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر میں مجلس عمومی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ جمعیت علما اسلام اور پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں اب اس نااہل اور سلیکٹڈ حکمرانوں کو مزید برداشت نہیں کریں گی بلکہ وقت آن پہنچا ہے کہ انہیں گھر رخصت کیا جائے کیونکہ یہ ملک چلانے کے اہل نہیں ہے۔

انہوں نے گزشتہ روز پی ٹی آئی کے کارکنوں کی جانب سے مسلم لیگ(ن)کے رہنمائوں کے ساتھ بدتمیزی اور ان پر تشدد کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ یہ سیاست کرنا نہیں جانتے بلکہ سیاست کو بدنام کرنے کا سبب بن رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جس مقصد کے لئے یہ لوگ ملک کے عوام پر مسلط ہوئے ہیں سب جانتے ہیں کہ یہ بیرونی ایجنڈے پر عمل پیرا ہے ملک کے تمام بحرانوں کے ذمہ دار یہی عناصر ہے ۔

جنہوں نے ملکی معیشت کو تباہ کردیا مہنگائی میں اضافہ کرکے غریب عوام سے دو وقت کی روٹی چھین لی ہے انہوں نے کہاکہ یہ کرپشن کا نعرہ لگا کر اپنے ہی سلیکٹڈ اور کرپٹ زدہ لوگوں کو بچانے کے لئے بھاگ دوڑ کررہے ہیں ۔

جب ان کے اپنے ہی لوگ بک جاتے ہیں تو ان کو گلے لگا کر مراعات دی جاتی ہے اور دوسروں پر تنقید کا نشانہ کررہے ہیں ہم کسی بھی صورت اب ان کو معاف نہیں کریں گے وقت اورحالات کا تقاضا ہے کہ یہ لوگ اب اخلاقی طور پر گھر چلے جائیں ۔