کوئٹہ: پارلیمانی سیکرٹری صحت و بلوچستان اسمبلی میں خواتین اراکین اسمبلی پر مشتمل وویمن کاکس فورم کی چیئرپرسن ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر بلوچستان کی خواتین کو تمام شعبہ زندگی میں معاشی و اقتصادی اور فیصلہ سازی کے عمل میں بااختیار بنانے کے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حقوق نسواں کے لئے بلوچستان اسمبلی کی خواتین اراکین اسمبلی کی جدوجہد اور کاوشیں موثر قانون سازی کی صورت میں ایک تاریخ ساز کردار ادا کریں گی۔
وویمن کاکس فورم سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ دیگر اسمبلیوں کی نسبت بلوچستان اسمبلی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ یہاں کی اراکین نے نسواں ، اطفال اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لئے باہمی مشاورت اور صوبے کے حالات و واقعات کو مدنظر رکھتے ہوئے موثر قانون سازی کا فریضہ سر انجام دیا ہے بلوچستان اسمبلی کے یہ نئے قوانین پہلے سے مرتب قوانین کی کٹ پیسٹ نہیں اور نہ ہی کسی دیگر خطے میں رائج قوانین کا چربہ ہیں۔
بلکہ ہمارے مرتب کردہ مسودہ قوانین کی ہر شق کو صوبے کے زمینی حالات کے مطابق ڈھالا گیا ہے ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ صنفی بنیادوں پر خواتین کے استحصال کے خاتمے سے ہی مہذب معاشرہ تشکیل پا سکتا ہے تاریخ کا جائزہ لیا جائے تو یہ بات عیاں ہوتی ہے کہ اسلامی اور مہذب انسانی معاشروں سمیت تحریک پاکستان میں خواتین نے متحرک اور نمایاں کردار ادا کیا ہے۔
ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان ہر شعبہ زندگی میں خواتین کو ترقی کے یکساں مواقعوں کی فراہمی کے لئے پرعزم ہیں اور ان کی قیادت میں پہلی بار وویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ اور یوتھ افیئرز ڈیپارٹمنٹ صوبے میں فعال کردار ادا کر رہے ہیں ۔