|

وقتِ اشاعت :   March 9 – 2021

تربت: بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن تربت زون کا اجلاس زیر صدارت مرکزی جونیئر جوائنٹ سیکریٹری ظفر رند منعقد ہوا جس میں مختلف ایجنڈے زیر بحث رہے اور آئندہ کے لائحہ عمل میں تربت زون کی سات رکنی آرگنائزنگ کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن، تربت زون کا اجلاس زیر صدارت مرکزی جونیئر جوائنٹ سیکریٹری ظفر رند منعقد ہوا جس میں یونیورسٹی یونٹ۔

لاء یونٹ اور ڈگری کالج یونٹ نے شرکت کی، جبکہ اجلاس کی کاروائی ہانی بلوچ نے چلائی۔ اجلاس کا آغاز شہداء بلوچستان کی یاد میں دو منٹ کی خاموشی سے کیا گیا۔ جس کے بعد تعارفی نشست کے علاوہ تنظیمی رپورٹ، سیاسی تناظر، تنظیمی امور اور آئیندہ کے لائحہ عمل کے ایجنڈے پر سیر حاصل بحث کی گئی۔

ساتھیوں نے موجودہ کھٹن حالات کے تناظر میں تنظیم سازی کی ضرورت کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے زور دیا کہ بلوچ طلباء پر لازم ہے کہ وہ منظم ہو جائیں اور کیڈرسازی کے عمل کو تیز کر دیں تاکہ بلوچ قوم کو مضبوط قیادت فراہم کی جا سکے جس سے قومی محرومیوں کا خاتمہ ممکن ہو۔ بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کو بحیثیت کیڈرساز تنظیم کے منظم کرنے کے عزم کو دہراتے ہوئے ساتھیوں نے بی ایس او کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے جذبے کا اظہار کیا ۔

اور تربت زون کی تشکیل کو انقلابی جدوجہد کی کامیابی سے ہمکناری کا تسلسل قرار دیا۔آئندہ کے لائحہ عمل کے ایجنڈے میں تربت زون کا سات رکنی آرگنائزنگ کمیٹی تشکیل دیا گیا جس کے مطابق صغیر بلوچ آرگنائزر، بانک ہانی بلوچ ڈپٹی آرگنائزر اور سمیر بلوچ پریس سیکریٹری جبکہ عقیل جلال، گہرام شوکت، مہران سلیم اور مقبول بلوچ آرگنائزنگ کمیٹی کے ارکان منتخب ہوئے۔