|

وقتِ اشاعت :   March 9 – 2021

سنجاوی: صوبائی وزیر پی ایچ ای /واسا حاجی نورمحمد دمڑنے تحصیل سنجاوی کا دورہ کیا دورے کے دوران انہوں نے غزالی ایجوکیشن سسٹم اسکول اور تاندوانی میںبلوچستان عوامی پارٹی کے دفتر کا افتتاح کیا،شاٹ کٹ سنجاوی میں رمضان خروٹی کی طرف سے دی گئی چائے پارٹی میں شرکت کی ،مختلف مقامات پر مختلف شخصیات کی وفات پر فاتحہ خوانی بھی کی ۔

اس موقع پر قبائلی عمائدین ،پارٹی ورکر اور ہرقسم کے مکاتب فکر کے افراد ان کے ہمراہ تھے۔ صوبائی وزیر پی ایچ ای /واسا حاجی نورمحمد دمڑ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سینٹ الیکشن میں بہترین حکمت عملی کی وجہ سے جیت گئے ،سینیٹ الیکشن میں بلوچستان عوامی پارٹی نے وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی قیادت میں تاریخی کامیابی حاصل کی ۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کی منتخب حکومت ہے اور اپنی آئینی مدت پوری کرے گی ،بلوچستان عوامی پارٹی اور موجودہ حکومت عوام کی تقدیر بدل رہی ہیں ،بلوچستان عوامی پارٹی کو مزید فعال کریں گے ۔

انہوں غزالی ایجوکیشن سسٹم اسکول کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم ترقی کی زینہ ہے تعلیم یافتہ اقوام دنیاپر حکمرانی کررہی ہیں بلوچستان میں معیاری تعلیم کا فروغ ہماری اولین ترجیح ہے۔

اپنے حلقے میں اسکولوں کو مزید فعال کرنے کے لیے کردار اد ا کررہے ہیں تعلیم ایک اہم شعبہ ہے اور اس سے ہمارے معماروں کا مستقبل وابستہ ہے ،تعلیم کے شعبے پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔