تربت: آل پارٹیز کیچ کے وفد نے کنوینر غلام یاسین بلوچ کی سربراہی میں گزشتہ روز بی این پی عوامی کے مرکزی سنیئر نائب صدر میر اصغر رند سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور ان سے آل پارٹیز سمیت دیگر سیاسی معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔
وفد سے بات چیت کرتے ہوئے میر اصغر رند نے کہا کہ بی این پی عوامی کی ہمیشہ سے کوشش اور خواہش رہی ہے کہ سیاسی جماعتوں کے درمیان ہم آہنگی اور یگانگت پیدا ہو، ہم نے ہمیشہ آل پارٹیز کو اون کیا اور ان کے تمام معاملات میں شریک رہے۔
بی این پی عوامی آل پارٹیز کو مذید منظم اور زیادہ سے زیادہ فعال بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون کو تیار ہے، جہاں کہیں آل پارٹیز کی قیادت کو ضرورت ہوگی ہم ان کے ساتھ ہیں، انہوں نے کہا کہ آل پارٹیز نے واپڈا کے خلاف تحریک چلانے کا پروگرام بنایا ہے اس کو مکمل سپورٹ کرتے ہیں اور ہر طرح کے تعاون کے لیے تیار ہیں۔