چمن: صوبائی سیکرٹری صحت بلوچستان نورالحق بلوچ نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرسول ہسپتال چمن کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر قلعہ عبداللہ چمن طارق جاوید مینگل ، ایم ایس سول ہسپتال چمن اور ڈاکٹرزبھی موجود تھے۔
ایم ایس سول ھسپتال چمن نے ہسپتال میں عوام کو فراہم کردہ سہولیات اور علاج ومعالجہ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور ہسپتال کو درپیش مسائل کے حوالے سے صوبائی سیکرٹری صحت کو بتایا۔بعد ازاں صوبائی سیکرٹری صحت نورالحق نے نیو سول ہسپتال چمن کے مختلف شعبوں کابھی تفصیلی معائنہ کیا۔اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے سیکرٹری صحت نے کہاکہ طبی سہولیات کی فراہمی عوام کا بنیادی حق ہے۔
جب مریض دور دراز علاقوں سے علاج کے غرض سے آئیں تو ان کا علاج کرنا ڈاکٹروں کی ذمہ داری بنتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہسپتال کو ضروری اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلیے تمامتر دستیاب وسائل بروئے کار لارہے ہیں تاکہ چمن کے عوام کوصحت وعلاج معالجہ کی سہولیات ان کی دہلیز پر میسر آسکیں۔