|

وقتِ اشاعت :   March 10 – 2021

کوئٹہ: چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا نے کہا ہے کہ میڈیا کا نہ صرف معاشرے اور حکومتی اقدامات پر رائے عامہ میں کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے بلکہ عوام کو معلومات کی فراہمی کا موثر ذریعہ بھی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ تعلقات عامہ، پی ٹی وی اور ریڈیو پاکستان کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری انفارمیشن سہیل الرحمن بلوچ، ڈائریکٹر جنرل تعلقات عامہ عمران زرکون۔

جنرل منیجر پی ٹی وی کوئٹہ محمد ایوب بابئی ، سٹیشن ڈائریکٹر ریڈیو پاکستان کوئٹہ منظور کامران، ڈی جی سپورٹس درا بلوچ نے شرکت کی۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ حکومت عوامی فلاح وبہبود کے منصوبوں کو اجاگر کرنے کیلئے میڈیا کے ساتھ مربوط ربط سازی کے لئے موثر اقدامات اٹھائے گی۔ متعلقہ محکمے صوبائی حکومت کے ترقیاتی منصوبوں کو عوام کے سامنے لائیں گے۔

تاکہ عوام کو بھی اس بارے میں آگاہی ہو کہ حکومت ان کیلئے کونسے منصوبے اور سہولتیں دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا مثبت امیج عوام کے سامنے پیش کرنے کے لیے میڈیا کا کردار نہایت ہی اہمیت کا حامل ہے ۔ چیف سیکرٹری نے تعلقات عامہ ڈائریکٹوریٹ کو حکومت کا ایک اہم ادارہ قراردیتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور کے مطابق محکمہ تعلقات عامہ کو جدید ٹیکنالوجی سے بروئے کار لانے کیلئے اقدامات کیے جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں موثر حکمت عملی اپنائی جائیگی جس کے تحت محکمہ کو ذرائع ابلاغ کے مختلف ذرائع سے عوام کو بروقت معلومات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ آج دُنیا نے ذرائع ابلاغ میں بے انتہا جدت آجانے کے باوجود ریڈیو ایک موثر ترین اور سستا ذریعہ ابلاغ سمجھا جاتا ہے۔

ریڈیو اپنی نشریات کے ذریعے زیادہ سے زیادہ لوگوں تک رسائی کی صلاحیت رکھتا ہے اور ہر ایک کی پہنچ میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی وی اور ریڈیو کی کوریج پورے صوبے میں پھیلائیں گے تاکہ حکومت کے فلاح عامہ کے اقدامات، پالیسیوں اور میگا پراجیکٹس کے حوالے سے عوام کو باخبر اور آگاہ رکھا جا سکے۔