|

وقتِ اشاعت :   March 10 – 2021

اسلام آباد: صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو سے آج اسلام آباد میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے ملاقات کی۔ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی اور معاشی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ صوبائی وزیر داخلہ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اتحادی جماعتوں کی جانب سے انہیں دو بارہ چیئرمین سینیٹ کے لیے نامزد کرنا باعث مسرت اور بلوچستان کی سیاسی نمائندے پر مکمل اعتماد کا مظہر ہے۔

وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے امید ظاہر کی کہ صادق سنجرانی  دوبارہ چیئرمین سینیٹ منتخب ہو کر وفاق میں آئندہ بھی بہترین انداز میں بلوچستان کی نمائندگی جاری رکھے گے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ  وفاقی اور صوبائی حکومت سینیٹ الیکشن میں شفافیت پر یقین رکھتی ہے۔ صوبہ بلوچستان کی طرح دوسرے صوبوں میں بھی سینیٹ الیکشن میں عددی تناسب کی بنیاد پر امیدواروں کا چناؤ شفافیت کی طرف مثبت پیش رفت ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام جماعتوں کے عددی تناسب سے سینیٹ میں سیٹوں کا حصول ان کا جمہوری حق ہے۔ سینیٹ انتخابات میں شفافیت کے لیے تمام سیاسی جماعتوں اور الیکشن کمیشن کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیئے۔ ملک کو درپیش مسائل سے نکالنے کے لیے تمام سیاسی قوتوں کے مابین تعاون کے خواہاں ہیں۔ ملک تاریخی معاشی بحران سے نبردآزما تھا جس پر موجودہ حکومت نے قابو پایا ہے۔

اور ملک کے معاشی اشاریے ظاہر کرتے ہیں کہ ملکی معیشت ترقی کی جانب گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں سیاسی انتشار ترقی کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ بلوچستان میں سینیٹ انتخاب سیاسی بالغ نظری کا مظہر ہے۔ چیئرمین سینیٹ کیلئے دربارہ بلوچستان سے امیدوار کی نامزدگی  بلوچستان کے لیے اعزاز کی بات ہے وزیر داخلہ کا کہنا تھاکہ ہم سب کو  اپنے اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر ملکی مفاد میں تعاون کرنا چاہیے۔

جبکہ صوبہ بلوچستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے، وزیر اعلیٰ بلوچستان کے وژن کے عین مطابق عوامی فلاح و بہبود  کے لیے ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔ بلوچستان میں صنعتی ترقی کیلئے خصوصی زونز کے قیام سے صوبہ نہ صرف معاشی طور پر مستحکم ہوگا بلکہ روزگار کے مواقع بھی میسر آ سکیں گے جس سیصوبہ میں ترقی کے نئے دور کا آعاز ہو گا۔