|

وقتِ اشاعت :   March 10 – 2021

کوئٹہ: بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا ہے کہ بانک کریمہ بلوچ خواتین کیلئے ایک مثال ہیں، کریمہ بلوچ خواتین کا ایک دن تہوار کے طور پر منانے کی بجائے شہادت تک مسلسل جدوجہد کرتی رہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سماجی تنظیم کی جانب سے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ تقریب سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا کہ پورے سال میں صرف ایک دن خواتین کے حقوق کے نام پر کچھ لوگ تہوار کے طور پر مناتے ہیںاور اس دن اکثر غیر سرکاری تنظیمیں فنڈز حاصل کرتی ہیں ۔

انہوں نے تقریب میں شریک خواتین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بانک کریمہ بلوچ خواتین کیلئے ایک مثال ہیں کریمہ بلوچ خواتین کا ایک دن تہوار کے طور پر منانے کی بجائے اپنی پوری زندگی قومی اور انسانی حقوق کیلئے وقف کرتے ہوئے شہادت تک مسلسل جدوجہد کرتی رہیں ۔

نوابزادہ لشکری رئیسانی نے عالمی یوم خواتین کو تہوار کے طور پر منانے کے امر پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کے عالمی دن کے موقع پر ہمیں بانک کریمہ بلوچ کی زندگی اور جدوجہد کو اپنے لیے مثال بناتے ہوئے اپنی زندگیوں کو مسلسل جدوجہد کے ذریعے آگئے بڑھاہیں تاکہ ہم قومی مقاصد کو حاصل کرکے اجتماعی طور پر آگے بڑھیں ۔

انہوں نے خواتین طلباء ،طالبات ، سیاسی کارکنوں کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ بانک کریمہ بلوچ ایک مثال ہیں ہمیں خواتین کا عالمی دن ان لوگوں کی طرح نہیں منانا چائیے جو اس دن کو فیشن کے طور پر مناتے ہیں اور باقی پورا سال اپنے ذاتی مقاصد کیلئے زندگی گزارتے ہیں ۔