|

وقتِ اشاعت :   March 12 – 2021

کوئٹہ: وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے وفاقی حکومت کے اس فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے کہ تمام وفاقی وزارتوں کے سیکرٹریز ہرماہ بلوچستان کا دورہ کریں گے اور اپنے محکمے سے متعلق امور کو حل کرنے کی کوشش کریں گے۔

وزیر اعلی نے وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے تمام سیکرٹریوں کو ہر ماہ بلوچستان کا دورہ کرنے اور صوبائی حکومت کے رابطے سے مسائل کے حل کو یقینی بنانے کے لیے باقاعدہ تمام وزارتوں کو خصوصی حکم جاری کیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں وزیر اعلی بلوچستان نے کہا کہ وفاقی سیکریٹریوں کے باقاعدگی کے ساتھ دوروں سے وفاقی وزارتوں کے صوبے سے متعلق امور کو نمٹانے اور صوبے کے اہم مسائل کو حل کرنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ اس اہم اقدام سے وفاق اور صوبے کے درمیان تعاون، ربط سازی اور اتحاد کو مزید مستحکم بنایا جا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں میں بلوچستان پر توجہ نہیں دی گئی جس کی وجہ سے مسائل میں اضافہ ہوا لیکن اب وزیراعظم عمران خان صوبے کے معاملات میں جس دلچسپی کا مظاہرہ کر رہے ہیں وہ اہل بلوچستان کے لیے حوصلہ افزا ہے۔

وزیراعلی نے مزید کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت کے قریبی اور فعال رابطہ سے نہ صرف مشکلات کو دور کرنے اور صوبے میں موجود احساس محرومی کو ختم کرنے میں مدد ملے گی بلکہ صوبے میں وفاق کے تعاون سے جاری ترقیاتی منصوبوں اور دیگر اہم امور کو فاسٹ ٹریک کیا جا سکے گا۔