|

وقتِ اشاعت :   March 13 – 2021

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان کے کوآرڈینیٹرو بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی نائب صدر میر عبدالرؤف رند نے میر محمد صادق سنجرانی کو دوبارہ چیئرمین سینیٹ منتخب ہونے کو بلوچستان کی کامیابی قراردیتے ہوئے کہاکہ ایک بارپھر جمہوریت جیت گئی جمہوریت کے خلاف سازشیں ناکام ہوگئیں جس پر وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان اور ان کی ٹیم مبارکبادکے مستحق ہیں۔

انہوں نے کہاکہ میرمحمد صادق سنجرانی کا چیئرمین سینیٹ منتخب ہونا صرف بی اے پی کی کامیابی نہیں بلکہ یہ پورے بلوچستان کی کامیابی ہے جس پر اہل پاکستان کو مبارکبادپیش کرتا ہوں، انہوں نے کہاکہ ہم وزیراعظم عمران خان کا تہہ دل سے شکریہ اداکرتے ہیں کہ جنہوں نے بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدوار کو مکمل سپورٹ کیا جبکہ بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی صدر،وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان، پارٹی کے بانی سعیداحمدہاشمی۔

چیف آرگنائزر میرجان محمدجمالی، سیکرٹری جنرل منظور احمدخان کاکڑ، بی اے پی کے تمام سینیٹرز، اتحادی جماعتوں کے قائدین کومبارکباد پیش کرتاہوں کہ ان کی بہترسیاسی حکمت عملی کی بدولت بلوچستان عوامی پارٹی کا امیدوار میر محمد صادق سنجرانی واضح اکثریت سے چیئرمین سینیٹ منتخب ہوگئے، انہوں نے کہاکہ میر محمد صادق سنجرانی ایک غیرمتنازعہ شخصیت کے مالک ہیں جو سب کیلئے قابل قبول ہیں۔

وہ بحیثیت چیئرمین سینیٹ پاکستان اوربلوچستان کی بہتری کا جو مشن لیکر چل رہے تھے وہ جاری وساری رہے گا اورمزید بہتر اندازمیں اورمکمل یکسوئی کے ساتھ ملک وصوبہ کے مفاد میں کام کریں گے۔

میرعبدالرؤف رند نے کہاکہ ملک میں جمہوریت کے استحکام وفروغ اور ترقی وخوشحالی کی منزل پانے کیلئے پی ٹی آئی اوربی اے پی ودیگر اتحادی جماعتوں کا باہمی اتفاق واشتراک سے جدوجہد لائق تحسین اورجمہوری استحکام کیلئے ناگزیرہے۔