|

وقتِ اشاعت :   March 13 – 2021

کوئٹہ: بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات چیئرمین قائمہ کمیٹی آغا حسن بلوچ ‘ مرکزی فنانس سیکرٹری پارلیمانی لیڈر ملک نصیر شاہوانی نے مشترکہ بیان میں مارواڑ میں مزدوروں کانکنوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسانی جانوں کی کوئی قیمت نہیں۔

مگر حکومت وقت اور محکمہ اس واقعے میں شہید ہونے والے اور زخمیوں کیلئے فوری طور پر امداد کی فراہمی کو یقینی بنائے تاکہ ان کے لواحقین کی گزر بسر کسی حد تک ممکن ہو سکے انہوں نے کہا کہ اس سے قبل بھی سے واقعات ہوتے رہے ہم نے بارہا حکمرانوں اور محکمہ کی توجہ اس جانب مبذول کراتے رہے کہ کان کنی کے شعبہ کی احساسیت کو دیکھتے ہوئے اس شعبے کی بہتری کیلئے اقدامات کئے جائیں۔

تاکہ اگر خدانخواستہ ایسے واقعات رونما ہو بھی جاتے ہیں تو انسانی جانیں محفوظ رہیں اور نقصان کم سے کم ہوں مائینز کے شعبے کی بہتری کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال عمل میں لایا جائے تو یقینااس سے قیمتی جانوں کا ضیاع روکنا ممکن ہو سکے گا لیکن اربوں روپے حکومت وقت اس مد میں ٹیکسز کی شکل میں حاصل کرتی ہے لیکن اس کے باوجود موثر اقدامات سے حکومت قاصر دکھائی دیتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بی این پی نے ہمیشہ محنت کش مزدوروں ‘ کسان و دھکان سمیت متوسط طبقے کی نمائندگی کرتے ہوئے ان کیلئے آواز بلند کی ہے اور ہمیشہ اسی روش کو اپناتے ہوئے ہر طبقہ فکر کے ساتھ ہونے والے ناانصافیوں ‘ محرومیوں کے خلاف جدوجہد کرتے رہیں گے۔

اور عوام کی حقیقی آواز بن کر اپوزیشن میں ہونے کے باوجود ان کے مسائل و مشکلات کے حل کیلئے کوشاں رہیں گے انہوں نے شہداء کے خاندانوں کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو جنت الفردوس میں جگہ اور زخمیوں کو صحت یابی کرے۔