|

وقتِ اشاعت :   March 14 – 2021

تربت: نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے کہاکہ پی ڈی ایم کی تحریک کامیابی سے ہمکنارہوگی، ملکی سیاست میں نظریہ اور عوام کی بالادستی اور ڈنڈا اور پیسہ کی سیاست کے خاتمہ کیلئے عوام پی ڈی ایم کی جمہوری تحریک کا حصہ ہیں، اصل طاقت عوام ہیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے نیشنل پارٹی آبسرکے زیراہتمام نیشنل پارٹی کے رہنماؤں کے اعزازمیں دئیے گئے ٹی پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

نیشنل پارٹی تحصیل آبسرکی جانب سے نیشنل پارٹی کے مرکزی انفارمیشن سیکرٹری ڈاکٹراسحاق بلوچ، مرحوم میرحاصل بزنجو کے فرزند میر شاوس بزنجو، میر بزن بزنجو کے فرزند میر دیدگ بزنجو اور سینیٹر میر طاہر بزنجو کے فرزند میر ولید بزنجو کے اعزازمیں یوتھ کلب آبسرمیں ٹی پارٹی کااہتمام کیاگیا، نیشنل پارٹی کے قائد ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے کہاکہ نیشنل پارٹی تحصیل آبسرکی کابینہ وکارکنان کی محنت وجدوجہد مثالی ہے۔

دیگرتحصیلوں کوبھی اسی جذبے کے ساتھ پارٹی فعالیت کیلئے جدوجہد تیز کرتے ہوئے عوام کے ساتھ رابطہ بڑھانا چاہیے، انہوں نے کہاکہ شاوس بزنجو، ولید بزنجو اور دیدگ بزنجو میر غوث بخش بزنجو کی سیاست کے وارث ہیں جبکہ میر بزنجو کی سیاست کے پیروکاروں کی ایک بڑی اکثریت مکران میں ہے، نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل جان محمدبلیدی نے کہاکہ سینیٹ کے حالیہ الیکشن میں جوکچھ ہوا وہ انتہائی افسوسناک ہے۔

ایک یونین کونسل کے الیکشن میں جہاں 2سے3ہزار ووٹ پڑتے ہیں مگر اس میں 7ووٹ خراب نہیں ہوتے،سینیٹ میں 7ووٹ کی خرابی کے بعد کی صورتحال میں جمہوری سیاسی جماعتیں خوش فہمی سے نکل آئیں اور عوام کو ساتھ لیکر 26مارچ سے میدان میں نکل آئیں، انہوں نے کہاکہ سینیٹ میں اس سے قبل بلوچستان کے سینیٹرز کا ایک مقام اوررتبہ ہوتا تھا مگر حالیہ الیکشن میں 12 نومنتخب سینیٹرز میں سے صرف مولانا غفور حیدری اور کامران مرتضیٰ پرنظرپڑتی ہے۔

نیشنل پارٹی کے مرکزی انفارمیشن سیکرٹری ڈاکٹراسحاق بلوچ نے کہاکہ اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ بلوچستان میں نظریاتی وفکری سیاست کانیوکلیس تربت رہاہے،تربت نے ہردورمیں نظریاتی سیاست میں قائدانہ کردار اداکیاہے، نیشنل پارٹی آبسرکی جانب سے استقبالیہ پروگرام کے انعقادپر ان کا شکرگزارہوں، انہوں نے کہاکہ نیشنل پارٹی سمجھتی ہے کہ قومیں تعلیم سے ترقی کرتی ہیں یہی وجہ ہے کہ جب بھی نیشنل پارٹی کو اقتدارمیں آنے کاموقع ملتاہے۔

تو اس کی سب سے زیادہ توجہ تعلیم پرہوتی ہے مختصرمدت میں یونیورسٹی، میڈیکل کالج سمیت دیگرتعلیمی اداروں کاقیام نیشنل پارٹی کاوڑن ہے جبکہ دیگر نمائندے تواپنے دورمیں ایک ہائی اسکول بھی نہ بناسکے انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں پہلی میڈیکل کالج نیپ کے دور میں میر غوث بخش بزنجو نے قائم کرایا جس نے پورے صوبے میں صحت کے شعبہ میں ڈاکٹرز دئیے۔

جبکہ دوسری میڈیکل کالج ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے تربت میں قائم کرایا اور ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے تربت اورکوئٹہ کے درمیان فرق کو ختم کرایا،یہاں کے بچے پہلے یونیورسٹی، میڈیکل اورلاء کی تعلیم کیلئے کوئٹہ جانے پرمجبورتھے اب وہ یہاں اپنے گھرمیں تعلیم حاصل کررہے ہیں جس سے والدین کاماہانہ ہزاروں روپے بچت ہورہی ہے انہوں نے کہاکہ جونمائندے الیکشن میں کامیابی کیلئے کروڑوں خرچ کرتے ہیں۔

تو ظاہر ہے کہ وہ کامیابی کے بعد اربوں روپے کمائیں گے یہی وجہ ہے کہ 5سالوں میں وہ پھر نظرنہیں آتے، استقبالیہ سے میر شاوس بزنجو، میردیدگ بزنجو، میر ولید بزنجو نے بھی خطاب کیا جبکہ نیشنل پارٹی تحصیل آبسرکے صدراقبال بلوچ نے مہمانوں وشرکاء کا شکریہ اداکیا، اسٹیج سیکرٹری کے فرائض تحصیل آبسرکے جنرل سیکرٹری احسان درازئی نے سرانجام دئیے، استقبالیہ پروگرام میں نیشنل پارٹی کے مرکزی فنانس سیکرٹری حاجی فداحسین دشتی، مرکزی رہنما سابق میئرتربت قاضی غلام رسول بلوچ، مرکزی کمیٹی کے ارکان واجہ ابوالحسن بلوچ، انجینئر حمیدبلوچ، نثار احمدبزنجو، محمدطاہربلوچ، انور اسلم،ضلعی صدرمحمدجان دشتی۔

مشکور انور، طارق بابل، قادربخش بلوچ، تحصیل تربت کے صدر فضل کریم،فداجان بلیدی، حاجی رحیم بخش چیف، رؤف شہزاد، تحصیل آبسرکے ترجمان ثناء اللہ بزنجو، واحد بوہیر، اخترابابگر زامرانی، ڈاکٹرسبزل خان کولواہی بلوچ، ڈاکٹرانوربلوچ، ولی جان نعیم زامرانی، کریم جان نور، رحمدل ساجدی، عبدالحمید، جان محمدجمعہ، سمیت مقامی رہنماؤں وکارکنان نے کثیرتعدادمیں شرکت کی۔