|

وقتِ اشاعت :   March 19 – 2021

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت صوبہ کی مربوط اور متوازن ترقی، مختلف علاقوں میں انفراسٹرکچر اور عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات اور اہم ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے تعاون اور خوداپنے وسائل سے صوبائی حکومت جنوبی بلوچستان میں سڑکوں کی تعمیر، فراہمی آب کے منصوبوں اور صحت کے شعبے میں سہولتیں بہتر بنانے کیلئے اربوں روپے کی لاگت سے متعدد منصوبوں پر دن رات کام کررہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے جنوبی بلوچستان میں جاری ترقیاتی سرگرمیوں کے بارے میں اپنے ایک بیان میں کہا کہ صوبائی حکومت بلیدہ شہرمیں انفراسٹرکچر کی ترقی و بہتری کیلئے 999.802 ملین روپے کی لاگت سے ایک منصوبے پر کام کررہی ہے اس منصوبے کا آغاز جون2020میں ہوا ہے جبکہ توقع ہے کہ منصوبہ جون 2023 میں مکمل ہوجائے گا۔

مذکورہ منصوبے کے تحت بلیدہ شہر میں 25 کلومیٹر سڑکوں کی تعمیر کے علاوہ لیویز تھانہ اور میڈیکل یونٹ کی تعمیر، مختلف مقامات، چوکوں، پارکس، کھیلوں کے میدانوں،20 ملین روپے کی لاگت سے فراہمی آب کی سکیم اور مساجد کی تعمیر کا کام جاری ہے۔ وزیراعلی کا کہنا تھا کہ تربت بلیدہ روڈ کی تعمیر کے منصوبے پر 2429.419 ملین روپے کی لاگت سے 65 فیصد کام مکمل کیا جاچکا ہے اور جون 2022 تک اس منصوبے کی تکمیل متوقع ہے۔

اسی طرح 146.941 ملین روپے کی لاگت سے تین پلوں کی تعمیر کا منصوبہ بھی جاری ہے۔ وزیراعلی نے کہا کہ جنوبی بلوچستان پیکج کے تحت علاقے میں وفاقی حکومت کے تعاون سے متعدد منصوبوں پر عملدرامد کیا جارہا ہے۔مجموعی طور پر 199 منصوبے زیر عمل ہیں جن میں سے 80جاری اور119 نئے منصوبے ہیں وہ ترقیاتی منصوبے جن میں صوبائی حکومت کو قائدانہ حیثیت حاصل ہے ان کی تعداد67 ہے۔

جن پر لاگت کا تخمینہ 104.68 بلین روپے ہے جبکہ وفاقی حکومت 219.65 بلین روپے کی لاگت سے 52 منصوبوں پر عملدرآمد کررہی ہے۔ صوبائی حکومت نے جن منصوبوں کی نشاندہی کی ہے ان میں صحت کی سہولتوں کی بہتری، پبلک ہیلتھ انفراسٹرکچر کی ترقی، ماربل انڈسٹری کے فروغ، ریذیڈنشل نرسنگ کالج اور 25000ایکڑ علاقے میں اولیو کی کاشت کرنے اور اولیو انڈسٹری کو مستحکم کرنے کے ایک منصوبے پر بھی کام کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ پہلی بار بلوچستان میں اتنے بڑے پیمانے پر عوام اور علاقوں کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے منصوبہ بندی کے ساتھ ترقیاتی عمل کا آغاز ہوا ہے اور ان تمام منصوبوں کے فوائد جلد از جلد بلوچستان کے عوام تک پہنچانا ضروری ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ موجودہ حکومت عوام کی مشکلات دور کرنے، انہیں بنیادی سہولتیں فراہم کرنے اور ان کی توقعات پر پورا اترنے میں کامیاب رہے گی۔