چمن: پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے ملک میں مہنگائی اور بدامنی کے خلاف (ن) لیگ کے صوبائی صدر جمال شاہ کاکڑ اور ضلعی صدر حاجی عبدالوارث کی قیادت میں احتجاجی ریلی نکالی گئی ، ریلی بوغرہ چوک سے شروع ہوئی۔
اور مختلف شاہراہوں پر گشت کرنے کے بعد تاج روڈ حاجی شیر گل پلازہ کے سامنے احتجاجی جلسے میں تبدیل ہوگئی ۔ اس موقع پر صوبائی صدر حاجی جمال شاہ کاکڑ ضلعی صدر حاجی وارث اچکزئی نصیرخان اچکزئی ملک عبدالظاہرکاکڑ عبداوہاب اتل عبدالباری اچکزئی اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی موجودہ صورتحال کی ذمہ دار موجودہ حکومت ہے ۔
مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا کر رکھ دی ہے غریب کے طبقے کے لوگ دو وقت کے کھانے کو عاجز آچکے ہیں ، ملک میں ہر طرف افراتفری کی جیسی صورتحال ہے ، ملکی ادارے آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیئے گئے ہیں جبکہ تمام نظام آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے ڈکٹیشن پر چلائے جارہے ہیں حالانکہ مسلم لیگ (ن) کے دور میں ملک کا زرمبادلہ بلند ترین سطح پر پہنچ چکی تھی آج عوام کو میاں محمد نواز شریف کے دور کی یاد آرہی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ برسراقتدار حکمرانوں نے اقتدار سے قبل عوام کے ساتھ بلند و بانگ دعوے کئے تھے اور انہیں بڑے بڑے خواب دکھائے مگر اقتدار میں آتے ہی صرف دوسروں پر الزامات کے علاوہ انہوں نے کوئی منصوبہ شروع نہیں کیا کہ جس سے عوام کو ریلیف ملی ہو یا پھر ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکا ہو تا۔
ہم صرف سب کچھ اچھا ہے کا راگ الاپا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) جمہوریت پر یقین رکھتی ہے اور پی ڈی ایم کی پلیٹ فارم سے جدوجہد کرتے ہوئے انشاء اللہ جلد ہی سلیکٹڈ حکمرانوں کو گھر بھیج دیں گے ۔