اسلام آباد: سینیٹ سیکرٹریٹ نے پیپلز پارٹی کو مسترد ووٹس اور کیمروں کا ریکارڈ فراہم کرنے سے انکار کردیا۔ جمعرات کو پیپلزپارٹی کی قانونی ٹیم ریکارڈ حاصل کرنے کے لئے پارلیمنٹ ہائوس پہنچی تاہم سینیٹ سیکرٹریٹ نے مسترد ووٹس اور کیمروں کا ریکارڈ فراہم کرنے سے انکار کردیا،پیپلزپارٹی یوسف رضا گیلانی کے مسترد شدہ بیلٹ پیپر کے حصول میں ناکام رہی ۔
وکیل جاوید وائنس نے کہاکہ سینیٹ سیکرٹریٹ نے اجلاس کی کارروائی کا ریکارڈ تحریری طور پر دیا ہے، پرزائیڈنگ افسر اور چیئرمین سینیٹ کا نوٹیفکیشن فراہم کیا گیا ہے، ہمیں یوسف رضا گیلانی کے مسترد شدہ ووٹس والے بیلٹ پیپر نہیں دیئے گئے۔
وکیل نے کہاکہ کہا گیا کہ وہ بیلٹ پیپر سیل کردیئے گئے ہیں، عدالتی حکم پر ہی دیں گے، کیمروں کی ریکارڈ سمیت دیگر ریکارڈ بھی فراہم نہیں کیا گیا، مسترد شدہ بیلٹ پیپر ہی اصل ریکارڈ ہے۔ وکیل نے کہاکہ پیپلزپارٹی جلد سے جلد عدالت سے رجوع کریں گے، عدالتی حکم کے ذریعے بیلٹ پیپر وصول کریں گے۔