اسلام آباد: انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز اسلام آباد (آئی ایس ایس آئی) میں چائنا پاکستان اسٹڈی سنٹر (سی پی ایس سی) نے قراقرم یونیورسٹی کے تعاون سے ‘گلگت بلتستان ایک گیٹ وے برائے سی پیک’ کے عنوان سے ایک سیمینار کا انعقاد کیا۔قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ اور ڈائریکٹر جنرل آئی ایس ایس آئی۔
سفیر اعزاز احمد چوہدری نے تقریب سے قبل کے قراقرم یونیورسٹی اور آئی ایس ایس آئی کے مابین علمی و تحقیقی تعاون کو وسیع کرنے کے لئے ایک معاہدے پر دستخط کیے۔ڈاکٹر طلعت شبیر، چائنہ پاکستان اسٹڈی سینٹر،نے اپنے ابتدائی ریمارکس میں کہا کہ گلگت بلتستان سی پیک کے کامیاب نفاذ کی کلید ہے اور کہا کہ آئی ایس ایس آئی اور قراقرم یونیورسٹی مشترکہ طور پر چین پاکستان اکنامک کوریڈور (سی پیک) اور باہمی دلچسپی کے دیگر شعبوں پر تحقیق کریں گے۔
سفیر اعزاز احمد چوہدری نے آئی ایس ایس آئی اور قراقرم یونیورسٹی کے مابین یاداشت پر دستخط کرنے پر خوشی کا اظہار کیا اور خواہش کی کہ اس سے دونوں ادارے مستقبل میں اپنی سرگرمیاں انجام دے سکیں گے سفیر اعزاز احمد چوہدری نے سی پیک کو گلگت بلتستان کی خوشحالی کی طرف ایک قدم قرار دیا۔ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ نے اپنے ریمارکس میں سی پیک کو عملی جامہ پہنانے میں درپیش مختلف مشکلا ت پر تبادلہ خیال کیا اور سی پیک کے فوائد کا ذکر کیا ۔
اور آئندہ کی افرادی قوت کی تیاری میں قراقرم یونیورسٹی کے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سی پیک گلگت کے سماجی و معاشی منظرنامے کو تبدیل کرے گا۔سابق پرنسپل آرمی میڈیکل کالج اور فائزیا میڈیکل کالج میجر جنرل (ر) سلمان علی نے گلگت میں گزرے اپنے بچپن کی یادوں کو تازہ کیا اور اپنے تجربات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ا نہوں نے کئی دہائیوں کے دوران قابل ذکر پیشرفت دیکھی ہے۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام پاکستان کی خوشحالی اور ترقی کے لئے پوری طرح پرعزم ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ خطے کے لوگوں کے لئے تعلیمی مواقع کو بڑھانے کے لئے چین کے پیش کردہ مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔ڈاکٹرسرنجام بیگ، فیکلٹی ممبر قراقرم یونیورسٹی نے سی پیک کے معاشی مواقع کے بارے میں اپنے خیالات شیئر کیے اور تعلیم اور آگہی کے ذریعہ منفی بیانیہ کو دور کرنے پر زور دیا۔
ریسرچ فیلو سی پی ایس سی، نیلم نگار نے رائے دی کہ سی پیک کے تحت معاشی مواقع کو جامع اور پائیدار ہونا چاہئے۔ سی پیک کی کامیابی میں خواتین کا کردار اہم ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ گلگت میں شرح خواندگی کی شرح بہت زیادہ ہے جسے علاقے کی ترقی کے لئے استعمال کیا جا سکتا ہے۔اس تقریب کے اختتامی کلمات کے دوران سفیر خالد محمود نے کہا کہ سی پیک پاکستان سرمایہ کاری اور مہارت مہیا کرنے کا وعدہ کرتا ہے جس سے ملک بھر میں معاشی ترقی کا روشن امکان ہے۔