|

وقتِ اشاعت :   March 19 – 2021

کوئٹہ: پاک سر زمین پارٹی کے مرکزی رہنماؤں نے کہا ہے کہ پی ایس پی بلوچستان سے پورے پاکستان کا مقدمہ لڑیں گے کیونکہ مصطفی کمال عام لوگوں کی زندگی میں تبدیلی لانے کیلئے جدوجہد کررہے ہیں پی ایس پی 19 مارچ 2021 کو ایوب گراؤنڈ میں تاریخی جلسہ منعقد کرے گی ہم بلوچستان کی عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ عوام پاک سرزمین پارٹی کے جلسے میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں شرکت کریں ۔

یہ بات سینئر وائس چیئرمین اشفاق منگی، وائس چیئرمینز شبیر قائم خانی، ارشد وہرا، عطا اللہ کرد ،مرکزی سیکرٹری اطلاعات آسیہ اسحاق اور سینئر نائب صدر بلوچستان لیاقت علی آغا نے جمعرات کو پی ایس پی کی جانب سے کوئٹہ پریس کلب میں صحافیوں کے اعزاز میں عصرانہ وپریس کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کو مضبوط بنانے کیلئے تمام صوبوں کیلئے آواز بلند کرینگے،قوم متحد ہو تو کوئی سیاسی جماعت عوام کا پیسہ چوری نہیں کرے گی۔

عوام متحد ہو گی تو سیاسی جماعتوں کو عوامی احتساب کا ڈر ہوگا،سید مصطفی کمال کا پیغام ملک کے طول و عرض میں تیزی سے پھیل رہا ہے،سید مصطفی کمال نے کراچی کو ترقی کرنے والے شہروں میں شامل کر دیا۔انہوں نے کہا کہ عوام کو کبھی روٹی، کپڑا اور مکان کا نعرہ دیا تو کبھی تبدیلی کااس پر کسی نے عمل نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ سید مصطفی کمال کراچی میں تب آئے۔

جب روزانہ اوسطاً 20 لوگ ناحق مارے جاتے تھے،کراچی میں لسانیت کی بنیاد پر قتل و غارتگری ہوتی تھی۔انہوں نے کہا کہ سید مصطفی کمال نے الآصف اسکوائر میں پختونوں کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ کر کے دکھایا،عوام اب لسانیت سے نکل کر ترقی کی راہ پر گامزن ہونا چاہتے ہیں،اب کراچی میں کوئی نو گو ایریا نہیں،سید مصطفیٰ کمال نے باطل کو للکار کر کلمے کی بنیاد پر مختلف قومیتوں کو متحد کیا۔

انہوں نے کہاکہ بلوچستان پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ ہے،جلسے کا مقصد عوام میں شعور بیدار کرنا ہے کیونکہ ہماری نیت انسانیت کی خدمت کرنے کی ہے۔انہوں نے کہا کہ 5 سال پہلے 2 لوگ آئے تھے آج ہزاروں لوگ کوئٹہ میں استقبال کر رہے تھے۔

انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی نے 3 سالوں میں بلوچستان کی عوام کو مایوس کیا۔انہوں نے کہاکہ بلوچستان کی عوام نے تمام سیاسی جماعتوں کو آزما لیا اور اب بلوچستان کی عوام سید مصطفی کمال کی جانب دیکھ رہے ہیں،آنے والا وقت پاک سرزمین پارٹی کا ہے۔