کوئٹہ: بلوچستان ہاکی ایسوسی ایشن کے چیئرمین نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا ہے کہ شہید نواب غوث بخش رئیسانی ہاکی اسٹیڈیم پاکستان کا جدید ہاکی اسٹیڈیم ہے جہاںبلوچستان کے کھلاڑیوں کو ملکی اور بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلوں کیلئے تیار کیا جارہا ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز شہید نواب غوث بخش رئیسانی ہاکی اسٹیڈیم میں فلڈ لائٹس کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب انہوںنے بلوچستان ہاکی ایسوسی ایشن کی قیادت سنبھالی تو بلوچستان میںملکی اور بین الاقوامی معیار کا کوئی ہاکی اسٹیڈیم نہیں تھا آج سترہ سال بعد جس مقام پر نیشنل ہاکی ٹورنامنٹ ہونے جارہا ہے۔
یہ مقام کھنڈرات میں تبدیل ہوچکا تھا بلوچستان ہاکی ایسوسی ایشن کے ذمہ داروں اور ساتھیوں کی محنت اور لگن سے آج شہید نواب غوث بخش رئیسانی ہاکی اسٹیڈیم پاکستان کا جدید ہاکی اسٹیڈیم ہے جہاں نیشنل ہاکی ٹورنامنٹ ہونے جارہاہے ۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان ہاکی ایسوسی ایشن قومی کھیل ہاکی کو لیڈ کرتے ہوئے بلوچستان کے کھلاڑیوں کو ملکی اور بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلوں کیلئے تیار کررہی ہے اور وہ دن دور نہیں جب بلوچستان زوال پذیر قومی کھیل کا مرکز بنے گا۔