کوئٹہ: کمشنر کوئٹہ ڈویژن اسفندیار خان نے کہا کہ ریڈ زون اور اہم شاہراہوں پر احتجاج اور دھرنے کسی صورت قبول نہیں کیونکہ اس سے ٹریفک کے مسائل میں خلل پیدا ہونے کے ساتھ ساتھ شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اس کے علاوہ ٹریفک جام ہونے کی وجہ سے ایمرجنسی صورتحال ،بیمار افراد اور سکول کے بچوں کو کافی مشکلات پیش آتے ہیں۔
احتجاج اور روڈ بلاک ہونے کی وجہ سے اکثر ایمبولینس کو راستہ نہیں ملتی جس سے مریضوں کو شدید کوفت،اسکولوں کے بچوں کو گھر پہنچنے میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہاہے لہذا ریڈ زون اور اہم شاہراہوں پر احتجاج کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لاتے ہوئے قانونی چارہ جوئی کیا جائے گا جس کے بعد احتجاج کرنے والوں سے مذاکرات ہونگے کمشنر کوئٹہ ڈویژن نے مزید کہا کہ پرامن احتجاج ہر شہری کا بنیادی حق ہے ۔
مگر قانونی دائرے میں رہ کر احتجاج کریں اور اپنا پرامن احتجاج ریکارڈ کروانے کے لئے شاہراہوں کی بجائے پریس کلب کوئٹہ موجود ہے جہاں احتجاج پر کوئی پابندی نہیںاور اس سے کوئٹہ کے عام شہریوں،مریضوں اور اسکول کے بچوں کو بھی کسی قسم کی اذیت کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا اور شہر میں ٹریفک کی روانی میں بھی کوئی خلل پیدا نہیں ہوگاکمشنر کوئٹہ ڈویژن اسفندیار خان کی زیر صدارت کوئٹہ شہر میں امن وامان اور سکیورٹی کی مجموعی صورتحال کے حوالے سے ایک اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا ۔
اجلاس میںڈی آئی جی کوئٹہ، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ،ایس ایس پی سکیورٹی کوئٹہ کے علاوہ این ایچ اے اور دیگرمتعلقہ اداروں آفیسران بھی موجود تھے اجلاس میں کمشنر کوئٹہ ڈویژن نے کوئٹہ شہر کی سکیورٹی داخلی اور خارجی راستوں کی نگرانی، شرپسند اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لئے تمام متعلقہ ادارے ہر ممکن اقدامات اٹھائے۔
انہوں نے کہا کہ شہر میں سرکاری اور نجی زمینوں پر قبضہ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اس سلسلے میں قبضہ مافیا کے خلاف سخت ایکشن لے کر سرکاری اور نجی زمینوں کو واگزار کرائے جائیں گے انہوں نے کہا کہ ریڈ زون ایک احساس علاقہ ہے یہاں ہر قسم کے احتجاج پر مکمل پابندی ہے۔
لہذا ریڈ زون کے خلاف ورزی کرنے پر متعلقہ ادارے قانونی چارہ جوئی کا حق رکھتے ہیں انہوں نے اجلا س میں کوئٹہ شہر کی مجموعی سکیورٹی کے حوالے سے ہدایت ہوئے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے شہر میں امن و امان کو بہتر اور شرپسند عناصر کے خلاف کارروائی کریں۔