|

وقتِ اشاعت :   March 20 – 2021

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ کوئٹہ شہر میں غزہ بند سے لیکر پشین ، گلستان اور پنچ پائی تک 60کلو میٹر کا چیپ ریلی اور موٹر اسپورٹس ٹریک تعمیر کیا جائیگاجس پر آنے والے دنوں میں چیپ ریلی منعقد کی جائیگی، کوئٹہ میں سالانہ بنیادوں پر جیپ ریلی منعقد کی جائیگی تاکہ ریسنگ کے شائقین کو تفریح فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ملک بھر سے لوگوں کو یہاں متوجہ کیا جاسکے ۔

یہ بات انہوں نے جمعہ کو وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں بلوچستان جیپ ریلی ڈائیورز اور بائیکرز کے ساتھ ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔اس موقع پر رکن قومی اسمبلی میر عامر مگسی، رکن سندھ اسمبلی میر نادر علی مگسی، حیات ساتکزئی ،گزین لہڑی، حاجی وحید لہڑی، سہیل کرد و دیگر بھی موجود تھے ۔وزیراعلیٰ جام کمال خان نے کہا کہ بلوچستان کی ریسنگ کمیونٹی نے اس کھیل کے فروغ کے لئے بھر پور کردار ادا کیا ہے ۔

ہم نے ہمیشہ سے محسوس کیا کہ جھل مگسی اور گوادر کے علاوہ کوئٹہ میں بھی جیپ ریلی کے لئے ٹریک اور سالانہ مستقل بنیادوں پر ایونٹ ہونا چاہیے اس حوالے سے کوئٹہ میں غزہ بند سے چلتن پہاڑ کے عقب میں پشین، گلستان اور پنج پائی تک 60کلو میٹر ٹریک بنانے کے لئے جگہ مختص کی گئی ہے اس علاقے کا جائزہ لیا ہے اور یہ محسوس کیا ہے کہ یہ ایک اچھا ٹریک بن سکتا ہے پہلے مرحلے میں حکومت اس ٹریک کو بنائے گی۔

اور وقت کے ساتھ ساتھ اسپانسر آئیں گے جس کے بعد ٹریک کو بتد ریج بہتر کیا جائیگا یہ ٹریک ایک کرائوڈ پلر ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ آف روڈ ،چیپ ریلی اور موٹر اسپورٹس کے حوالے سے پاکستان میں 20سال سے ایونٹ منعقد ہو رہے ہیں بلوچستان میں جھل مگسی جیپ ریلی ملک کا بڑا ایونٹ ہے جس کے بعد گوادرمیں جیپ ریلی بھی شروع ہوئی تمام ڈرائیور اور دوست ملکر سوچتے تھے کہ ہم کوئٹہ میں ایسا ایونٹ کروائیں جو بہت سے لوگوں کو اپنی طرف مائل کرے ۔

نادر مگسی، عامر مگسی صوبے کے ریلی ڈائیور اور بائیکرز کے ساتھ ملکر کوئٹہ میں ایونٹ منعقد کرنے کا منصوبہ بنایااس ایونٹ کا مقصد کوئٹہ کی آبادی اور لوگوں کو اچھی تفریح فراہم کرنا ہے انہوں نے کہا کہ جب ملک بھر میں موسم گرم ہوتاہے اور ریسنگ نہیں ہوتی اس وقت کوئٹہ میں موسم بہترہوتا ہے اور یہاں ریلی کروائی جاسکتی ہے جس پر دوستوں کے ساتھ ملکر مشاورت کی اور اب فیصلہ کیا ہے کوئٹہ کے اندر ریلی کروائیں گے۔

اس ریلی کو ایک بار نہیں بلکہ یہ مستقل بنیادوں پر کوئٹہ اور بلوچستان کا ایونٹ بنے گا لوگ یہاں آئیں گے اورجن لوگوں کو نیا شوق ہو وہ بھی یہاں اپنا شوق پوار کریں ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ بولان ریلی کا ٹریک بنانے کا مقصد جھل مگسی اور گوادر سے ہٹ کر ٹریک بناناتھا بولان بہترین جگہ ہے مگر اسکا زیادہ ترعلاقہ دریا کنارے اور قدرتی طور پر پتھریلا ہے جسکی وجہ سے گاڑیوں اور ڈرائیورز کو نقصان پہنچتا تھا۔

جسکی وجہ سے وہاں ریسنگ نہیں ہور رہی انہوں نے کہا کہ حکومت نے صوبے میں پارکس کی بہتری کے لئے اقدامات شروع کئے ہیں چلتن پارک سمیت کوئٹہ کے پرانے پارکوں کو بہتر بنا رہے ہیں کوئٹہ میں ائیر پورٹ روڈ، نواں کلی، ہنہ، لنک بادینی ،سریاب روڈ سمیت دیگر علاقوں میں کلب کی طرز پر پارک بنائے جائیں گے ۔