بارکھان: صوبائی وزیر خوراک و بہبود آبادی سردار عبدالرحمان کھیتران نے کہا ہے کہ درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے پرانے درختوں کی حفاظت اور نئے درخت لگانے سے ماحول کو خوبصورت اور صحت مند بنایا جا سکتا ہے گرین اور کلین پاکستان وڑن کا مقصد نسل انسانی کو صحت بخش ماحول کی فراہمی سمیت جنگلات اور جنگلی حیات کی اہمیت کو تقویت دینا ہے ۔
جبکہ موسمی اور فضائی آلودگی سے نمٹنے اور انسانی زندگی کی بقاء کے لیے درخت لگانا عصر حاضر کی اہم ضرورت ہے۔ درختوں،پودوں اور سرسبز ماحول کے انسانی زندگی پر خوشگوار اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر کمپلیکس بارکھان میں پودا لگا کر شجر کاری مہم 2021 کا افتتاح کرنے کے موقع پر عوام الناس سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر بارکھان قربان علی مگسی، سرکاری اداروں کے ملازمین سمیت وڈیرہ عبدالسلام شاہ، وڈیرہ تاج محمد,میر محمد ایوب کھیتران و دیگر قبائلی معتبرین بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے ٹین ملین ٹری سونامی پروگرام کے وڑن کو تقویت بخشنے کیلئے ہر شہری اپنے نام کا ایک درخت لگا کر سنت نبوی کی پیروی کرتے ہوئے ذمہ دار شہری ہونے کا فرض ادا کرے ۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ جنگلات کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت ہے کیونکہ عوام کوخوشگوار اور صحت مند زندگی گزارنے کے لیے صحت افزاء ماحول کی فراہمی حکومت وقت کی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔
سردار کھیتران نے مزید کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت وزیر اعلیٰ جام کمال خان کی قیادت میں محکمہ جنگلات و جنگلی حیات کی حفاظت اور ان کو وسعت دینے کیلئے تمام تر دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے تاکہ عوام کو موسمیاتی اور ماحولیاتی آلودگی سے نجات دلایا جائے اور وہ خوشگوار ماحول اور صحت بخش فضاء میں زندگی بسر کر سکیں۔