وفاقی وزیر فواد چوہدری سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ کی جانب سے دو ارکان سندھ اسمبلی کی رکنیت معطل کرنےکے فیصلے پر سندھ حکومت کے ساتھ کھڑے ہوگئے۔
ٹوئٹر پر کتوں کےکاٹنے پر سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ کی جانب سے دو ارکان سندھ اسمبلی کی رکنیت معطل کرنے کی خبر شیئر کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ایسےعدالتی فیصلےآئین کی صریحاً خلاف ورزی ہیں،عدالتی اصلاحات خصوصاً جج کے تقرر کا نظام فوری اصلاحات کا متقاضی ہے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اپوزیشن حکومت کے اصلاحات کے پروگرام میں اپنا کردار ادا کرے ،پاکستان کے عوام نظام میں بہتری چاہتے ہیں لانگ مارچ کے التواء کے بعد اصلاحات کا موقع ہے ۔
خیال رہےکہ 18 مارچ کو سندھ ہائیکورٹ سکھر بینچ نے کتوں کے کاٹنے کے بڑھتے واقعات پر فریال تالپور سمیت 2 ایم پی ایز کی رکنیت معطل کرنے کا حکم دیا تھا۔
عدالت کا اپنے حکم میں کہنا تھا کہ ایم پی اے رتو ڈیرو اور جامشورو کی رکنیت معطل کی جائے اور الیکشن کمیشن ان اراکین اسمبلی کی رکنیت معطل کرنے کا حکم جاری کرے۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ارکان اسمبلی حلقے کے لوگوں کوسہولتیں فراہم کرنے میں ناکام رہے ہیں، دیگر اضلاع میں بھی ممبر سندھ اسمبلی کی رکنیت معطل کی جا سکتی ہے۔
خیال رہےکہ رتو ڈیرو سے آصف علی زرداری کی بہن فریال تالپور رکن اسمبلی ہیں جب کہ جامشورو سے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، گیان چند اور ملک سکندر رکن اسمبلی ہیں۔