سوئی ڈیرہ بگٹی: بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی انسپیکشن ٹیم نے سوئی شہر ضلع ڈیرہ بگٹی میں مراکز کی چیکنگ کے دوران حفظان صحت کے اصولوں کے خلاف ورزی پر پانچ بیکنگ یونٹس سمیت دو ہوٹلوں اور ایک ہولسیل ٹریڈر پر جرمانے عائد کر دئیے۔
واضح رہے کہ بلوچستان فوڈ اتھارٹی کو سوئی شہر میں ناقص اشیاء خوردونوش کی تیاری و فروخت سے متعلق عوامی شکایات موصول ہوئی تھیں جس پر ڈائریکٹر جنرل بی ایف اے ابراہیم بلوچ کی خصوصی ہدایت پر خصوصی معائنہ ٹیم نے سوئی سٹی میں موجود کھانے پینے کے مراکز کی انسپیکشن کی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز سجاد علی جو معائنہ ٹیم کی سربراہی کر رہے تھے۔
کا اس موقع پر کہنا تھا کہ بیکنگ پلانٹس کے خلاف پروڈکشن میں ناقص وزائدالمعیاد گھی و دیگر اجزاء کے استعمال اور یونٹس میں صفائی کی انتہائی ابتر صورتحال پر کارروائی کی گئی، ہوٹلوں میں نکاسی آب کے ناقص انتظامات، کچن اینڈ واشنگ ایریاز میں گندگی اور کھانوں میں نان فوڈ گریڈ کلرز کا استعمال سامنے آیا جبکہ ہولسیل ٹریڈر سے بڑی مقدار میں ایکسپائرڈ کولڈرنکس اور مصالحہ جات برآمد ہوئے۔
جس کی بناء پر ان کے خلاف ایکشن لیا گیا۔ بی ایف اے حکام نے کاروائیوں کے دوران برآمد ہونے والی زائد المیعاد و مضر صحت اشیاء جن میں مشروبات کی بڑی تعداد، مصالحہ جات بسکٹ، گھی اور پیکٹ جوسز شامل تھے موقع پر تلف کر دئیے۔مزید برآں بی ایف اے معائنہ ٹیم نے ملک شاپس میں فروخت ہونے والے دودھ موقع پر ٹیسٹ کیا، اس دوران متعدد مراکز میں ناقص و ملاوٹی دودھ پایا گیا۔
مزکورہ مراکز سے ناقص قرار دیا گیا دودھ بھی قبضے میں لے کر موقع پر تلف کر دیا گیا۔ ملک شاپس کے مالکان کو ہدایت کی گئی کہ وہ آئندہ اپنی دکانوں میں عوام کو ملاوٹ سے پاک و معیاری دودھ کی فروخت یقینی بنائیں بصورت دیگر ان کے خلاف آئندہ مزید سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔