ڈیرہ غازی خان : تونسہ شریف میں بلوچ اسٹوڈنٹس کونسل ملتان کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ وسائل سے مالا مال ہونے کے باوجود ڈیرہ غازیخان ڈویڑن کے ٹرائبل ایریا کی پسماندگی،ناخواندگی اور درماندگی ایک المیہ ہے۔
زندگی کی تمام بنیادی سہولیات سے محروم اس علاقے کے طلباء کیلئے پنجاب کے دیگر علاقوں کے طلباء سے مقابلہ گویا ممولے کی شہباز سے لڑائی ہے اسی کے مدِنظر بلوچ کونسل ملتان کے طلباء نے بلوچستان کی سیٹوں کی بحالی سمیت ٹرائبل ایریا ڈیرہ غازیخان ڈویڑن کے طلباء کیلئے سیٹیں مختص کرنے کے مطالبات کیلئے ۔
چالیس دن تک زکریا یونیورسٹی ملتان کے گیٹ پر احتجاجی کیمپ لگا کرپرامن احتجاج کیا مگر حکومتِ پنجاب اور تعلیم کے کرتا دھرتاوں کے کانوں میں جوں تک نہ رینگی ، مقررین نے کہا کہ مطالبات تسلیم نہ ہونے کی صورت میں احتجاج کا دائرہ کار مزید وسیع کریں گے۔