گو ادر:پا رلیمانی کمیٹی برائے سی پیک شیر علی ارباب نے برآمدات تجارت اور کامرس کی بہتری کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں فریڈرک ای برٹ سٹفٹنگ پاکستان کے تعاون سے پاک چائنا بزنس سینٹر میں سی پیک کے حوالے سے گوادر کی ترقی اور بلیو اکنامی کے حوالے سے ایک مذاکرے کا اہتمام کیاگیا۔ مذاکرے میں رکن قومی اسمبلی اسلم بھوتانی،مہناز اکبر عزیز نور عالم خان اور مرتضیٰ جاوید عباسی بھی اس موقع پر موجود تھے۔
اجلاس میں جی او سی 44 ڈویژن کے میجر جنرل اور کمانڈر ویسٹ رئیر ایڈمرل سجاد، سول سوسائٹی کے عہدیداران اور طلباء نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ پارلیمانی چیئرمین برائے سی پیک شیر علی ارباب نے سی پیک اور گوادر کی پاکستانی معیشت پر اثرات کے حوالے کہا کہ گوادر اپنی جغرافیائی اعتبار سے نہایت اہمیت کا حامل ہے۔انہوں نے کہا کہ گوادر کے عوام کیلئے سی پیک کسی نعمت سے کم نہیں۔
سی پیک سے نہ صرف مقامی افراد کی زندگیوں میں تبدیلی آئے گی بلکہ ملکی معیشت پر اسکے مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ایف ای ایس کے کوآرڈینیٹر ہمایوں خان نے اس موقع پر کہا کہ ایف ای ایس پاکستان میں سماجی ترقی جمہوریت اور آزادی اظہار رائے کیلیے کام کررہی ہے۔
جسکی ایک مثال حالیہ مذاکرہ ہے۔مذاکرے میں سی پیک اور ملکی معیشت کو درپیش مسائل بھی زیر غور آئے۔اس سلسلے میں سفارشات رواں سال پارلیمنٹ میں پیش کیے جائیں گے۔اس سلسلے میں تمام صوبائی حکومتوں پر زور دیا گیا کہ وہ اپنا کردار ادا کریں۔