کوئٹہ: پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات بشریٰ رند نے 23مارچ یوم پاکستان کے حوالے سے اپنے جاری کردہ ایک پیغام میں کہا ہے کہ 23 مارچ 1940 ایک تاریخی دن ہے جب قیام پاکستان کے لیے لازوال جدوجہد پرمہرثبت ہوئی۔قرارداد پاکستان کے 7 برس بعد اسلامی جمہوریہ پاکستان کرہ ارض پر وجود میں آیا اور پوری آب و تاب کے ساتھ چمکا۔
انہوں نے کہا کہ یوم پاکستان کا دن دراصل تجدید عہد کا دن ہے کہ بحیثیت قوم معاشرے کے تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی اور اقتصادی طور پر مستحکم کرنے کیلئے اپنے متعلقہ شعبوں میں اپنی صلاحتیں بروئے کار لائیں۔انہوں نے کہا کہ 23 مارچ وہ تاریخی دن ہے جب برصغیر کے مسلمانوں نے متحد ہونے کا فیصلہ کیا جوکہ تحریک پاکستان میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔
کیونکہ انھیں ایک آزاد اور خودمختار اسلامی ریاست حاصل ہوا۔انہوں نے کہا کہ طویل مسافت،سخت جدوجہد اور قائد اعظم کی ولولہ انگیز قیادت میں مسلمانانِ ہند نے پاکستان کے حصول کے لیے اپنی راہ کا تعین کیا۔
آج کے دن قیام پاکستان کی جدوجہد میں شہید ہونے والے ہمارے اکابرین ہمارے ہیرو ہیں انھیں بھر پور خراج عقیدت پیش کرتے ہیں کیونکہ ان کی قربانیوں اور جدوجہد کی وجہ ہم ایک آزاد ملک کی فضاؤں میں سانس لے رہے ہیں۔