کوئٹہ: صوبائی وزیر خزانہ ظہور احمد بلیدی نے قوم کو یوم پاکستان کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے اسلاف کی قربانیوں کو تب ہی ہم خراج تحسین پیش کر سکتے ہیں جب ہم ملک کو ہر شعبے میں آگے لے جانے کیلئے انتھک محنت کریں۔
یوم پاکستان کا دن دراصل تجدید عہد کا دن ہے کہ بحیثیت قوم معاشرے کے تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی اور اقتصادی طور پر مستحکم کرنے کیلئے اپنے اپنے متعلقہ شعبوں میں محنت ایمانداری اور اچھی روایات کااصولوں کو بروئے کار لائیں۔ اپنے ایک پیغام میں صوبائی وزیر نے کہا کہ زندہ قومیں اپنے اسلاف کی قربانیوں کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
نظریہ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح اور دیگر سر کردہ رہنماؤ ں کی بے لاگ قربانیوں کا ثمر ہے انہوں نے کہا کہ تحریک پاکستان اور نظریہ پاکستان کو متعارف کروانے والے عظیم رہنماؤں کی سنہری اصولوں پر کار فرما ہو کر ملک کو ترقی یافتہ اقوام کے صف میں لا کھڑا کرنے کیلئے ہمیں اتحاد، ایمان، پختہ یقین، ایمانداری، بے لوث خدمت، انتھک محنت اور دیگر اچھے اوصاف کا عملی مظاہرہ کرنا ہوگا۔
تب ہی ملک ترقی کے منازل طے کر سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی 7 عشروں پر محیط تاریخ کا بغورجائزہ لینے کی بھی اشد ضرورت ہے تا کہ پتہ چلے کہ ملک کی تیز تر ترقی معاشی استحکام اور سماجی بہتری میں حائل ہونے والے رکاوٹوں کی اصل وجوہات کیا ہیں اور انہیں دور کرنے کیلئے ہمیں کن حکمت عملی کی ضرورت پیش آئے گی۔