کوہلو: رکن صوبائی اسمبلی و ڈپٹی پارلیمانی لیڈر پاکستان تحریک انصاف میر نصیب اللہ خان مری نے 23مارچ یوم پاکستان کی مناسبت سے اپنے پیغام میں کہاہے کہ آج کا دن تجدید عہد کا دن ہے،ہمارے اکابرین نے اس وطن کی آزادی کیلئے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔
ہمیں آزادی جو بہت بڑی نعمت ہے کی اپنے بزرگوں کی جانب سے امانت کے طور پر اس مملکت کی حفاظت کرناہوگی،23 مارچ یوم پاکستان کی مناسبت سے منایا جاتا ہے ہمارے بزرگوں کی بے انتہا قربانیوں کی بدولت اج ہم آزاد ملک میں زندگی گزار رہے ہیں۔
بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی کاوشوں سے بر صغیر پاک و ہند کے مسلمانوں کیلئے جس منزل کا تعین کیا گیا تھا اس کے نتیجہ میں آج ہم آزاد فضا ء میں سانس لے رہے ہیں قائد اعظم محمد جناح کے فرمان ایمان،اتحاد، تنظیم، یقین محکم پر عمل کرنے کی آج سب سے زیادہ ضرورت ہے کیونکہ اس مملکت خدا داد کو داخلی، خارجی طور پر بہت سے خطرات اور چیلنج درپیش ہیں لہذا بانی پاکستان کے افکار و فرمودات پر عمل پیرا ہوکر ہی ملک کو بحرانوں سے نکالا جاسکتا ہے۔
وطن عزیز میں امن وامان کے قیام کیلئے پاک فوج،ایف سی،پولیس،لیویزسمیت تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی جانب سے دی جانے والی قربانیاں بھی ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی،ہم نے آپس میں اتحاد واتفاق پیدا کرکے ملک وقوم کی ترقی وخوشحالی اور ملک دشمنوں کے خلاف متفق ہوکر آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔